”یو این “جنرل اسمبلی سے وزیر اعظم پاکستان کے خطاب سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، پاکستان

ہفتہ 27 ستمبر 2025 22:21

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیر اعظم پاکستا ن محمدشہباز شریف کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی تسلط کا شکار کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وزیراعظم محمدشہباز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، بھارت کا قبضہ ختم ہو جائے گا اورکشمیری ایک دن اپنا حق خود ارادیت حاصل کر کے رہیں گے۔

حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے بھارت کو ایک مرتبہ پھر کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کی دعوت دیکر ثابت کیا کہ پاکستان مسائل و تنازعات کوجنگ وجدل سے نہیں بلکہ بات چیت کے ذریعے حل کرنے پریقین رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بھارت کے غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل اور ہٹ دھرمی کے سبب نہ صرف کشمیری عوام مشکلات و مصائب کا شکار ہیں بلکہ اس سے پورے خطہ کا امن دائو پر لگا ہوا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کا نہ صرف ایک اہم فریق ہے بلکہ وہ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا وکیل بھی ہے اور وہ انکے اس حق کو عالمی سطح پر بھرپور طریقے سے اجاگر کر رہا ہے۔ ترجما ن نے کہا کہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کی جدوجہد میں اپنی بھر پور حمایت پر پاکستان کے مشکور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو طاقت کے بل پر دبانے اور مقبوضہ خطے میں اپنے نوآبادیاتی ہتھکنڈوں کا سلسلہ ترک کر کے مذاکراتی عمل کی بحالی کی پاکستان کی پیشکش کا مثبت جواب دے ۔

ترجمان نے لداخ خطے کے علاقوں لیہہ اور کرگل میں کرفیو، پابندیوں اور انٹرنیٹ کی مسلسل بندش کی مذمت کرتے ہوئے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک سمیت تمام گرفتار افراد کی فوری رہائی مطالبہ کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس رہنما عبدالصمد انقلابی نے بھی ایک بیان میں کشمیری عوام کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کشمیری پر امید ہیں کہ مملکت خدادادپاکستان کی حکومت اور عوام جموں کشمیر کے لوگوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت اس وقت جاری رکھیں گے جب تک انہیں انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت نہیں مل جاتا۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنما الطاف حسین وانی نے بھی ایک بیان میں وزیر اعظم پاکستان کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کی بھر پور وکالت کررہی ہے جس پر کشمیری اسکے مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چاہے کشمیرہو یا فلسطین پاکستان نے حق پر مبنی ان مسائل کو ہمیشہ ہر بین الاقوامی فورم پر اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مملکت خداد داد کی جرات مندانہ سفارتکاری سے اسکا وقار عالمی سطح پر اور بلند ہو گیا ہے۔