پی ٹی آئی کے لیڈر بانی کی رہائی کے بجائے اپنے اقتدار کی جنگ میں مصروف ہیں، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

ہفتہ 27 ستمبر 2025 23:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر امور کشمیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختون خواہ کے صدر انجینئر امیر مقام نے پی ٹی آئی کے جلسے کو گرینڈ فلاپ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بھی جلسے کا بائیکاٹ کر دیا، اور بانی کی رہائی کی تحریک میں عبرتناک ناکامی کی طرح خیبرپختونخوا میں جلسہ کرنے میں بھی ناکام ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اب صرف تاریخ دے گی، تحریک نہیں چلا سکے گی۔ بھارت کے "آپریشن سندور" کی طرح پی ٹی آئی کا "آپریشن فساد" بھی راکھ بن چکا ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لیڈر بانی کی رہائی کے بجائے اپنے اقتدار کی جنگ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب کے دوران خیبر پختونخوا کے عوام کو بھول جانے والوں نے اربوں روپے ناکام جلسے پر لگا دئیے اور پی ٹی آئی کی حکومت کی طرح اس کے جلسے بھی ناکام ہی رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فساد اور ملک دشمنی کی سوچ کو عوام نے اپنے اتحاد سے دفن کر دیا ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی ملک اور بیرون ملک کامیابیوں سے قوم یوتھ اور پاکستان کے دشمنوں کی تمام سازشیں ناکام ہو گئی ہیں۔ خیبرپختونخوا دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور پی ٹی آئی کی حکومت صوبے میں امن وامان کی ذمہ داری پوری کرنے کے بجائے جلسہ جلسہ کھیلنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہاکہ بے حس پی ٹی آئی حکومت کو عوام کے جان و مال کی حفاظت کی پرواہ نہیں، نہ ہی دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہونے والے بہادر بیٹوں کا احساس ہے۔ اسی لئے پورے صوبے کے عوام نے پی ٹی آئی کے جلسے میں کوئی دلچسپی نہیں لی۔