کارکنان کی حوصلہ افزائی کے لیئے ابڑو ہاوس میں تقریب کا اہتمام

نجمی عالم نے فرید خان ابڑو اور میرعمر ابڑو کی جانب سے موٹر سائیکلیں اور نقد انعام تقسیم کیئے کورنگی میں زیر تعمیر انسٹیٹیوٹ کا افتتاح 10اکتوبر کوکیا جائے گا ،ہمارا عزم ہے نوجوانوں کو ہنر منداور تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا فرید خان ابڑو

اتوار 28 ستمبر 2025 19:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء)ابڑو ہائوس کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی فرید خان ابڑو نے اپنے صاحبزادے میر عمر ابڑو کے ہمراہ پارٹی کارکنان میں 6 نئی موٹر بائیکیں اور کیش انعامات تقسیم کیے۔تقریب میں وزیرِاعلی سندھ کے مشیر سید نجمی عالم، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن پولیس میر نادر علی ابڑو سمیت پارٹی کے بڑی تعداد میں کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر کینیڈا سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے فرید خان ابڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ اپنے کارکنوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور یہ انعامات کارکنان کی محنت، قربانی اور خدمات کا اعتراف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت کارکنوں کو ریڑھ کی ہڈی سمجھتی ہے اور آئندہ بھی اس طرح کے اقدامات جاری رہیں گے۔

(جاری ہے)

فرید خان ابڑو نے اپنے خطاب میں یہ بھی اعلان کیا کہ 10 اکتوبر کو ''ایجوکیشن ورلڈ'' کے نام سے ان کے انسٹیٹیوٹ کا افتتاح کورنگی میں کیا جائے گا، جہاں غریب بچوں کو بالکل مفت تعلیم دی جائے گی اور ساتھ ہی مختلف ٹیکنیکل کورسز بھی کروائے جائیں گے تاکہ نوجوان اپنے پاں پر کھڑے ہو سکیں۔

اس موقع پر سید نجمی عالم نے کہا کہ ''فرید خان ابڑو میرا چھوٹا بھائی ہے اور وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں ہو، اس کا دل اور جان پاکستان کے لئے دھڑکتی ہے۔''شرکا نے فرید خان ابڑو اور میر عمر ابڑو کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی منصوبے نہ صرف کارکنوں کا جذبہ بڑھاتے ہیں بلکہ عوامی خدمت اور پارٹی کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔