تحریک طالبان پاکستان اور دیگر بیرونی حمایت یافتہ عناصر کے عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں ، پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹینٹ جنرل (ر) عبدالقیوم کا پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 1 اکتوبر 2025 20:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج، پولیس اور دیگر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے تحریک طالبان پاکستان اور دیگر بیرونی حمایت یافتہ عناصر کے عزائم ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی چار نکاتی حکمت عملی فوجی کارروائی، قانون سازی، سفارتی اقدامات اور معاشی و سماجی انصاف کو بھرپور انداز میں جاری رہنا چاہیے تاکہ دہشت گردی کی جڑوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے معیشت میں حالیہ بہتری کا خیرمقدم کیا ،جس میں زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ، برآمدات میں بہتری اور ٹیکس اصلاحات شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا جن کی قیادت میں کامیاب آپریشنز سے پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا۔

انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطی امن منصوبے کو خوش آئند قرار دیا اورکہا کہ اس کے مثبت پہلوئوں میں قیدیوں کی رہائی، اسرائیلی افواج کا انخلاء، جنگ بندی اور تعمیر نو شامل ہیں تاہم انہوں نے اسرائیل کے رویے پر شکوک کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دو ریاستی حل کی راہ ہموار کر سکتا ہے جسے دنیا کے 193 میں سے 161 ممالک پہلے ہی تسلیم کر چکے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقیوم نے کہا کہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی ملک کی سلامتی، استحکام اور عالمی وقار کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے سماجی انصاف، معاشی مساوات اور امن پر مبنی عالمی موقف اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر پیس کے چیف آرگنائزر عزیز احمد اعوان کے علاوہ سینئرنائب صدر عبدالعلیم ، سیکرٹری جنرل کموڈور ارشد خان ، ایئر مارشل (ر) پرویز نواز، میجر جنرل (ر) لیاقت علی،سابق سینیٹر میاں عتیق اورپیس کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔