پیپلز پارٹی حکومت کی اتحادی ہے لیکن عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی: گورنر پنجاب

۷پیپلز پارٹی کو پنجاب کا قلعہ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، سردار سلیم حیدر خان کا عوامی اجتماع سے خطاب

جمعرات 2 اکتوبر 2025 01:40

eلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی حکومت کی اتحادی ہے لیکن عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ پیپلز پارٹی دکھاوے کی نہیں خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ اٹک اور حضرو تحصیلوں کے لیے جلد الیکٹرک بسیں اور پاسپورٹ آفس قائم کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل حضرو میں پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل حضرو نصیر خان جدون کے زیر اہتمام منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر پنجاب کی آمد پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور عوام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی ضلعی قیادت، پاکستان پیپلز پارٹی اٹک کے صدر سردار عاشق حیات خان، سردار ذوالفقار حیات خان، ملک ریاض صدریال، سردار محمد علی خان، سابق وائس چیئرمین ملک طاہر اعوان، ساجد خان، سابق ٹکٹ ہولڈر این اے 49 پی پی خرم شہزاد خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریب عوام کی جماعت ہے جو اپنے کارکنوں کی ہمیشہ عزت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے علاقے کے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور یہ بلا تفریق سب کے لیے مفید ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اٹک کے صحافی میرے بھائی اور قابل احترام لوگ ہیں جنہوں نے ہر مقام پر میری رہنمائی کی۔

انہوں نے کہا کہ تحصیل حضرو میں بہت جلد پاسپورٹ آفس کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور اس کے ساتھ آسان اور سستے سفر کے لیے الیکٹرک بسیں بھی چلائی جائیں گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ الیکٹرک بسیں چلانے کے لیے پنجاب حکومت سے رابطہ کریں گے تاہم اگر پنجاب حکومت نے یہ بسیں شروع نہ کیں تو وہ خود اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر کا عہدہ عوام کی امانت ہے اور وہ اس امانت کا ہر ممکن خیال رکھیں گے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب کا قلعہ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ لاہور میں پیپلز پارٹی کے حالیہ جلسوں نے مخالفین کو جگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں عوامی خدمتگار ہوں، عوام میرے ساتھ ہے اور میں عوام کے ساتھ ہوں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بلاول بھٹو زرداری وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور فوٹو سیشن نہیں بلکہ روٹی، کپڑا اور مکان ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی دکھاوے کی نہیں خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لیے جلد گھر بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک کی خاطر اپنا ووٹ، اقتدار اور سیٹیں قربان کی ہیں