آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کے عوام اپنے شہری و سیاسی حقوق آزادانہ طور پر استعمال کرتے ہیں اور جمہوری مستقبل کی تشکیل میں بھرپور حصہ لیتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 3 اکتوبر 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کے عوام اپنے شہری و سیاسی حقوق آزادانہ طور پر استعمال کرتے ہیں اور جمہوری مستقبل کی تشکیل میں بھرپور حصہ لیتے ہیں۔ پاکستان ان کی عزت و وقار کے تحفظ، پرامن احتجاج کے حق، ان کے جذبات کے احترام اور سماجی و معاشی ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ یہ عزم نہ صرف پاکستان کی آئینی ذمہ داری ہے بلکہ اہلِ کشمیر کے ساتھ ہمارا دیرینہ اخلاقی فریضہ بھی ہے۔

جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ اس کے برعکس مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی تسلط کے تحت سنگین مظالم کا سامنا کر رہے ہیں جہاں طاقت کا وحشیانہ استعمال، بنیادی آزادیوں سے محرومی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بھارتی ریاستی دہشتگردی کی علامت بن چکی ہیں۔

(جاری ہے)

اختلاف رائے کو دبانے، آبادیاتی انجینئرنگ اور شہری آزادیوں کے انکار نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو آزاد کشمیر پر بے جا الزام تراشی کرنے کے بجائے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تقاضوں کا سامنا کرنا ہوگا۔ بھارت کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقوق، بالخصوص ان کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں واضح طور پر درج ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کا راستہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی وابستہ ہے۔