وزیراعظم شہباز شریف کی ملائیشیا ئی ہم منصب انور ابراہیم سے ملاقات، دونوں راہنمائوں کی دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی تجدید

پیر 6 اکتوبر 2025 14:46

وزیراعظم   شہباز شریف کی ملائیشیا  ئی ہم منصب  انور ابراہیم سے ملاقات، ..
پترا جایا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) پاکستان اور ملائیشیا کے وزرائے اعظم نے دو طرفہ تعاون میں مسلسل پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون بڑھانے کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف جو ملائیشیا کے سرکاری دورے پر ہیں، نے پیرکو یہاں ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم سےملاقات کی۔

پردانا پترا آمد پروزیر اعظم کے اعزاز میں سرکاری استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی، بعدازاں دونوں رہنماؤں نے وفود کی سطح پر ملاقات میں اپنے اپنے وفد کی قیادت کی ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے دورے کے دوران ان کے اور پاکستانی وفد کےپرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر ملائیشیاکے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

اپنی انتہائی تعمیری اور مفید ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اکتوبر 2024 میں ملائیشیا کے وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کے بعد دو طرفہ تعاون میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات بالخصوص اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سمیت تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان ملائیشیا دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی تجدید کی ۔

انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، حلال انڈسٹری، آٹوموٹو، کنیکٹیوٹی، گرین انرجی، الیکٹریکل اور الیکٹرانک مینوفیکچرنگ، سیاحت، اعلیٰ تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور زراعت جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں سمیت تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ فریقین نے پاکستان سے ملائیشیاکو حلال گوشت کی برآمدات کا کوٹہ 200 ملین امریکی ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا۔

فریقین نےپاکستان سے ملائیشیاکو چاول کی خاطر خواہ برآمدات پر اطمینان کا اظہار کیا جو مقررہ کوٹہ سے بھی تجاوز کر چکی ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کی اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملائیشیاکے وزیراعظم نے فلسطین تنازعے کے حل اور امن کے قیام کے لئے پاکستان کے تعمیری کردار بشمول امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ اقدام کو سراہا۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سمیت کثیرالجہتی فورمز پر پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جموں و کشمیر کے تنازعے کے منصفانہ حل کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی مطابق حل کے لئے ملائیشیاکی حمایت کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان۔آسیان تعلقات کو مضبوط بنانے پرغور کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نےملائیشیاکے وزیر اعظم کو آسیان کی سربراہی سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم انور ابراہیم کا آسیان کا مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بننے کے حوالے سے پاکستان کے لئے ملائیشیاکی حمایت کی توثیق پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ اہم بین الاقوامی امور پر ایک دوسرے کو اپنے نقطہ نظر سے آگاہ رکھنے کے لیے کیے گئے اہم فیصلوں پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ملائیشیاکے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلوں کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سفارتکاروں کی تربیت، سیاحت ، حلال سرٹیفیکیشن ، اعلیٰ تعلیم ، کرپشن اور بدعنوانی کی روک تھام اور خاتمے اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔اس موقع پر دونوں وزرائے اعظم نے وزیراعظم انور ابراہیم کی کتاب’’سکرپٹ‘‘جو کہ لیڈر شپ کے حوالے سے ان کے خیالات کا اظہار ہے ، کی رونمائی بھی کی۔ملائیشیاکے وزیراعظم کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔\932