پاکستان کومضبوط ومستحکم بنانے اورآگے کی طرف پیش قدمی کیلئے اپنائی جانیوالی حکمت عملی کے خلاف بہت بڑی سازش نے سراٹھایا ہے،ہ قومی سطح پرسیاسی جماعتوں کے درمیان محاذآرائی سے گریز اورپولرائزیشن کاخاتمہ کرنا ہوگا، ڈاکٹرفاروق ستار

جمعرات 9 اکتوبر 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستارنے کہاہے کہ پاکستان کومضبوط ومستحکم بنانے اورآگے کی طرف پیش قدمی کیلئے اپنائی جانیوالی حکمت عملی کے خلاف ایک بہت بڑی سازش نے سراٹھایا ہے، قومی سطح پرسیاسی جماعتوں کے درمیان محاذآرائی سے گریز اورپولرائزیشن کاخاتمہ کرنا ہوگا۔

جمعرات کوقومی اسمبلی میں مسلح افواج کی قربانیوں کوخراج تحسین اورافواج پاکستان سے اظہاریکجہتی کے حوالہ سے بحث میں حصہ لیتے ہوئے ڈاکٹرفاروق ستارنے کہاکہ اس وقت خارجہ محاز پر پاکستان کوکامیابیاں مل رہی ہے، معیشت میں بہتری بھی آرہی ہے، اس صورتحال میں بعض چیلنجزبھی سامنے آرہے ہیں، پاکستان کومضبوط ومستحکم بنانے اورآگے کی طرف پیش قدمی کیلئے پاکستان نے جوحکمت عملی اپنائی تھی اس کے خلاف ایک بہت بڑی سازش نے سراٹھایا ہے،دہشت گرد واپس اپنے بلوں سے نکل آئے ہیں اورریاست وحکومت اورآئین وقانون کی بالادستی کودھڑلے سے چیلنج کررہے ہیں، افواج پاکستان کے افسروں اورجوانوں نے جوقربانیاں دی ہیں ہم اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت نے جو ہائیبرڈ ونفسیاتی جنگ شروع کررکھی ہے اس کامقابلہ کرنا اوراپنے اعصاب کومضبوط رکھنے پرہم فیلڈمارشل سیدعاصم منیر اوروزیراعظم پاکستان کوبھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔10مئی کوہمیں جوکامیابیاں ملی ہے اس کے بعد کئی ممالک کارویہ تبدیل ہواہے۔ 10مئی کے بعدلوگ مایوسی سے نکل آئے ہیں۔بھارت کانصب العین دہشت گردی ہے، بھارت خطہ میں اجارہ داری قائم کرنا چاہتا تھا، پاکستان نے جس طرح بھارت کومعرکہ حق کے دوران جواب دیا ہے اس کے بعدپورے دنیا نے پاکستان کیلئے اپنے دروازے کھول دئیے ہیں اورہمارے پاسپورٹس کی عزت میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہاکہ امریکا سے تعلقات میں بہتری سے ہمیں مواقع ملے ہیں، اقوام متحدہ اوریورپ کے دورے میں وزیراعظم اورفیلڈمارشل کاکردار ہم سب کے سامنے ہیں۔ ہمیں اپنی کمزوریوں کودورکرنے کیلئے متواترکوششیں کرنا ہے،17ستمبرکے بعد خلیجی ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات مزیدمضبوط ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سلامتی اورمعیشت ایک دوسرے سے جڑے ہیں، ہم اپنی معیشت سے غافل نہیں رہ سکتے،بے روزگاری، غربت اورمہنگائی جیسے عفریتوں کامقابلہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس بات پراتفاق کرنا ہوگا کہ دہشت گردی کی ہرصورت قابل مذمت ہے۔لوگوں کے اعتماد اورامیدوں کوناامیدی کوبدلنے کیلئے دشمن نے نیا محاذکھولاہے،سوشل میڈیا پرپاکستان کے خلاف مہم کاہمیں مقابلہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ قومی سطح پرسیاسی جماعتوں کے درمیان محاذآرائی سے گریزکرنا ہوگا اورپولرائزیشن کاخاتمہ کرنا ہوگا۔چارکروڑ کی آبادی والے شہرمیں اغواء برائے تاوان کاسلسلہ شروع ہواہے، کراچی میں برآمدی کمپنیاں اوریونٹس بندہوئے ہیں اورلوگ دبئی اوردیگرممالک کی طرف جارہے ہیں۔