پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ پر مشتمل سہ فریقی سپیکرز اجلاس 13 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا

جمعہ 10 اکتوبر 2025 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ پر مشتمل سہ فریقی سپیکرز اجلاس 13 اکتوبر (پیر)کو اسلام آباد میں ہوگا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق قومی اسمبلی کی میزبانی میں تیسرے سہ فریقی سپیکرز اجلاس کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان علاقائی امن کے حوالے سے پارلیمانی روابط کو مستحکم بنانا اور خوشحالی سمیت تینوں ممالک کے درمیان بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے ۔

مہمان سپیکرز 12 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں گے، 13 اکتوبر کو ایگزیکٹو میٹنگ آف دی سپیکرز آف پارلیمنٹ ہوگی جس کے بعد سہ فریقی سپیکرز اجلاس کا افتتاحی سیشن ہوگا۔ افتتاحی اجلاس کے بعد مہمان سپیکرز این ڈی ایم اے کا دورہ کریں گے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق مہمان سپیکرز صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارلیمینٹیرینز کی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں، قدرتی آفات سے نمٹنے، پائیدار ترقی ، علاقائی سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ کے موضوعات پر مباحثہ ہوگا ۔ 13 اکتوبر کو ہی سہ فریقی سپیکرز اجلاس کے اعلامیہ پر دستخطوں کی تقریب ہوگی۔ 14 اکتوبر کو مہمان سپیکرز اپنے اپنے وفود کے ہمراہ لاہور روانہ ہوں گے جہاں وہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دیں گے اور اس موقع پر وہ وزیراعلی پنجاب سے بھی ملاقات کریں گے ۔ مہمان سپیکرز اور ان کے ہمراہ وفود کے لیے پنجاب اسمبلی کے سپیکر کی جانب سے لاہور کے شاہی قلعہ میں ایک ثقافتی پروگرام پیش کیا جائے گا جس کے بعد مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔