سیکیورٹی فورسز نے اورکزئی حملے میں ملوث تمام 30 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک کردیے

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہیں، آئی ایس پی آر شہداکی قربانیوں کو قوم ہمیشہ یادرکھے گی،صدرمملکت اور وزیراعظم کا اورکزئی میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

جمعہ 10 اکتوبر 2025 14:45

لپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اورکزئی حملے میں 2 افسران سمیت 11 جوانوں کی شہادت میں ملوث تمام 30 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک کردیے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 7 اکتوبر کو ضلع اورکزئی میں پیش آنے والے ہولناک واقعے میں ملوث خوارج کے خلاف مسلسل کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، اس واقعہ میں وطن کے بہادر سپوت، لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت سمیت 11 جوان شہید ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ضلع اورکزئی کے علاقے جمال مایہ میں کی جانے والی کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ تمام 30 خوارج کو انجام تک پہنچا دیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کامیاب آپریشن نہ صرف اس سفاکانہ واقعے کا بدلہ ہے بلکہ اس کے اصل منصوبہ سازوں کو کیفرِ کردار تک پہنچا دیا گیا ہے۔

علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہیں۔دریں اثناء صدرمملکت اور وزیراعظم نے اورکزئی میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسلح افواج نے بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے نیٹ ورک کو توڑ کر قوم کا سرفخر سے بلند کردیا، لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق میجرطیب راحت اوردیگر شہداکی قربانیوں کو قوم ہمیشہ یادرکھے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب سمیت دیگر شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، افواج پاکستان کا ہر شہید افسر و جوان مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہے، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا کہ فتن الخوارج کے دہشت گردوں کو پاکستان میں کسی بھی جگہ چھپنے نہیں دیں گے۔