Live Updates

سیاسی حالات بہتر نہ ہوئے تو ملکی حالات مزید خراب ہوں گے، راجہ اظہر

پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، اسے سنوارنے کی ضرورت ہے، رہنما تحریک انصاف

جمعہ 10 اکتوبر 2025 17:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) پاکستان تحریکِ انصاف کراچی ڈویزن کے صدر اور سابق رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے انصاف ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ چوری کرنے کے بعد غیر منتخب افراد کو ان پر مسلط کر دیا گیا ہے، جس کے باعث حالات روز بروز بگڑتے جا رہے ہیں۔ اگر سیاسی حالات بہتر نہ ہوئے تو ملکی حالات بھی مزید خراب ہوں گے۔

راجہ اظہر نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ کو کمزور کر دیا گیا ہے، آئین اور قانون کی بالادستی ختم کر دی گئی ہے، جبکہ پیکا ایکٹ کے ذریعے میڈیا کی آزادی سلب کر لی گئی، جس کے نتیجے میں عوام کا حکومت پر سے اعتماد ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف، آئین اور قانون کی بالادستی کے بغیر ملک درست سمت میں نہیں چل سکتا۔

(جاری ہے)

مہنگائی میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے، 30 سے زائد غیر ملکی کمپنیاں پاکستان سے اپنا کاروبار سمیٹ چکی ہیں۔

آٹا، گھی، دال، چاول، پٹرول، بجلی، گیس سمیت روزمرہ کی اشیا عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ مہنگائی میں اضافے کے باعث ملک کی نصف آبادی خطِ غربت سے نیچے جا چکی ہے۔راجہ اظہر نے مزید کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے۔ ہمارے ملک میں تیل، گیس، کوئلہ اور دیگر قیمتی معدنیات قدرتی طور پر موجود ہیں، ہمارے پاس زرخیز زمینیں، سمندر، دریا اور پہاڑ ہیں۔

اس کے باوجود ہم کئی دہائیوں سے ترقی کے بجائے تنزلی کی طرف جا رہے ہیں۔راجہ اظہر نے کہا کہ عام انتخابات میں قوم کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، اگر عوامی مینڈیٹ کا احترام نہ کیا گیا تو ملک میں کسی بڑے سانحے کا اندیشہ ہے۔ یہ وقت عوام کی امنگوں کے مطابق فیصلے کرنے کا ہے، نہ کہ قوم کے عظیم لیڈر عمران خان کو پابندِ سلاسل رکھنے یا تحریکِ انصاف کو دیوار سے لگانے کا۔انہوں نے کہا کہ بیرونی دشمن طاقتیں ففتھ جنریشن وار کے ذریعے ہمیں کمزور کر رہی ہیں۔ فیصلہ سازوں کو ہوش کے ناخن لینا ہوں گے، ملک کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا، عمران خان کو رہا کرنا ہوگا اور عوام کو ان کا چوری شدہ مینڈیٹ واپس دینا ہوگا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات