ایاز صادق ،رانا تنویر ،اعظم نذیر تارڑکی مراد خان کی رہائشگاہ آمد ،والد کے انتقال پر تعزیت ،فاتحہ خوانی کی

نذیر خان سواتی کی جمہوریت ،پارٹی کے لئے خدمات کو فراموش نہیں کیا سکتا‘ رہنمائوں کی اہل خانہ سے گفتگو طاہر اشرفی ،مجیب الرحمان شامی،نعیم میر،امیر بہادر ہوتی ،دیگر نے مراد خان سے ملاقات کرکے اظہار تعزیت ،فاتحہ خوانی کی

اتوار 12 اکتوبر 2025 11:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، وفاقی وزیربرائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑنے وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری مراد خان کی رہائشگاہ پر جا کر ان کے والد اور پارٹی کے دیرینہ کارکن نذیر خان سواتی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ نذیر خان مخلص انسان تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ،ان کا خلاء کبھی پُرنہیں ہوسکے گا ۔

(جاری ہے)

رانا تنویر حسین نے مرحوم کی جمہوریت اور پارٹی کے لئے خدمات کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ نذیر خان سواتی مشکل دور میں ڈٹ کر پارٹی کے ساتھ کھڑے ہوئے ۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں،آپ کے والد کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ چیئرمین پاکستان علما ء کونسل حافظ طاہر اشرفی ،رکن پنجاب اسمبلی رانا طاہر اقبال ،سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی،تاجر رہنما نعیم میر،عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما امیر بہادر ہوتی اور دیگر نے بھی مراد خان سے ملاقات کرکے ان کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔