اکتوبر ملک کے قومی و سیاسی تاریخ کا سیاہ باب ، فیصل محمود فایا

اس روز پاکستان کے آئین، پارلیمنٹ اور عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی گئی جس کا خمیازہ قوم ابتک بھگت رہی ہے، جوائنٹ سیکرٹری ن لیگ سندھ

اتوار 12 اکتوبر 2025 19:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) 12اکتوبر پاکستان کی قومی و سیاسی تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے جب 1999 میں اس وقت کے آرمی چیف جنرل پرویز مشرف نے آئین شکنی کرتے ہوئے عوام کے منتخب وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی آئینی حکومت کا تختہ الٹ دیا اور ملک میں جمہوری نظام کو روند ڈالا گیا۔ اس روز پاکستان کے آئین، پارلیمنٹ اور عوامی رائے کی توہین کی گئی جس کے اثرات آج بھی ملکی سیاست پر چھائے ہوئے ہیں۔

مسلم لیگ(ن)سندھ کے صوبائی جوائنٹ سیکرٹری فیصل محمود فایا نے 12 اکتوبر 1999 کے سیاہ ترین دن کے موقع پر اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ یہ وہ دن ہے جب ایک آمر نے اقتدار کی ہوس میں ملک کی جمہوری بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ نواز شریف کی عوامی مقبول حکومت کو زبردستی ہٹا کر ترقی، سرمایہ کاری اور معاشی استحکام کے دروازے بند کر دیے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس فوجی اقدام نے نہ صرف آئینی نظام کو مفلوج کیا بلکہ سیاسی انتشار، ادارہ جاتی ٹکرا اور معاشی زوال کی بنیاد رکھی۔

پاکستان اگر آج سیاسی غیر یقینی اور معاشی مشکلات سے دوچار ہے تو اس کی جڑیں اسی غیر آئینی اقدام میں پیوست ہیں۔فیصل محمود فایا نے مزید کہا کہ قوم کو 12 اکتوبر جیسے دنوں سے سبق سیکھنا ہوگا۔ جمہوریت کے تسلسل ہی میں ملک کی بقا، استحکام اور ترقی مضمر ہے۔ ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ آئندہ کسی کو بھی عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن)ملک کو ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی، کیونکہ یہی وہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ جمہوریت، معیشت اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے قربانیاں دی ہیں۔