وزیراعظم شہباز شریف، امریکی اور مصری صدر کی خصوصی دعوت پر شرم الشیخ پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

پیر 13 اکتوبر 2025 17:32

وزیراعظم شہباز شریف، امریکی اور مصری صدر کی خصوصی دعوت پر شرم الشیخ ..
شرم الشیخ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) وزیرِاعظم محمد شہباز شریف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی خصوصی دعوت پر شرم الشیخ پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق مصر کے شہر شرم الشیخ ائیر پورٹ پہنچنے پر مصری یوتھ واسپورٹس کے وزیر ڈاکٹر اشرف صبحیی، پاکستانی سفیر عامر شوکت اور پاکستان و مصری اعلی سفارتی عملے نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔

وزیرِ اعظم غزہ جنگ بندی کے لیے شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار اور فاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں شریک ہیں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے ہمراہ غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں خصوصی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

شرم الشیخ سربراہی اجلاس دراصل ان سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے جو گزشتہ ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر شروع ہوئی تھیں۔وزیراعظم پاکستان نے 23 ستمبر 2025 کو سات عرب و اسلامی ممالک (مصر، اردن، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور ترکیہ) کے سربراہان کے ساتھ امریکی صدر سے ملاقات کے دوران غزہ میں امن کے قیام کے امکانات پر غور کیا تھا۔عرب و اسلامی ممالک نے ایک مشترکہ بیان کے ذریعے صدر ٹرمپ کی امن کے حصول کی کوششوں کو سراہا تھا اور اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ وہ امریکا کے ساتھ مل کر ایک جامع اور پائیدار جنگ بندی کے قیام اور غزہ میں سنگین انسانی صورتحال کے ازالے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔