افغان حکومت کی جانب سے بلا اشتعال اور بزدلانہ جارحیت کے خلاف مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کر نے والے بارہ شہداء کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

پیر 13 اکتوبر 2025 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) افغان حکومت کی جانب سے بلا اشتعال اور بزدلانہ جارحیت کے خلاف مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کر نے والے بارہ شہداء کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ پیر کو آئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق 11/12 اکتوبر کی شب افغان حکومت کی جانب سے بلا اشتعال اور بزدلانہ جارحیت کے خلاف مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے بارہ شہداء کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ میں چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، سول و فوجی افسران اور عوام نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستانی عوام ان ہیروز کی لازوال قربانیوں کے مقروض ہیں جنہوں نے طالبان حکومت کی بزدلانہ اور غدارانہ جارحیت کے خلاف پاکستان کی علاقائی سالمیت کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کیں اور افغان سرزمین کے اندر سے سرگرم بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد پراکسیز کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی مکمل حمایت سے پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت اور سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔