پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی کے زیر اہتمام شہدائے کارساز کراچی کی اٹھارویں برسی کے موقع پر تقریب

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی کے زیر اہتمام شہدائے کارساز کراچی کی اٹھارویں برسی کے موقع پر تقریب پارٹی دفتر لیاقت باغ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت صدر پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی راجہ کامران حسین نے کی۔ تقریب میں چیئرمین سینیٹ کے میڈیا ایڈوائزر میاں خرم رسول، سینئر نائب صدر چوہدری افتخار احمد، قائم مقام جنرل سیکرٹری و ترجمان سردار قدوس، انفارمیشن سیکرٹری و ممبر میڈیا ورکنگ گروپ پنجاب راجہ محمد علی منہاس، نائب صدر پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر راشد بٹ، صدر پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر راولپنڈی راجہ صلاح الدین، وزیر حکومت آزاد کشمیر جاوید بٹ سمیت دیگر رہنما اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز قرآن خوانی سے کیا گیا۔ بعد ازاں راجہ کامران حسین، میاں خرم رسول، سردار قدوس، چوہدری افتخار احمد اور راجہ محمد علی منہاس نے خطاب کرتے ہوئے شہدائے کارساز کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ آج ملک میں جمہوریت شہدائے کارساز کی قربانیوں کی مرہون منت ہے۔ تاریخ میں ایسی مثال کم ہی ملتی ہے کہ سینکڑوں کارکنان نے اپنی قیادت کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں نچھاور کر دی ہوں۔

راجہ کامران حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب دہشت گردی نے ملک کو اپنی لپیٹ میں لینا چاہا، تب محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور ملکی سلامتی و وقار کو مقدم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ آج شہدائے کارساز کی یاد ہمیں یہ عہد دہرانے کا موقع فراہم کرتی ہے کہ ہم جمہوریت، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر محترمہ بینظیر بھٹو شہید، شہدائے کارساز، شہدائے لیاقت باغ کے ایصال ثواب اور ملک کی سالمیت و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی جس کے بعد شرکاء میں لنگر تقسیم کیا گیا۔