خواتین پر ہر قسم کے تشدد کا خاتمہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، مخدوم سید احمد محمود

منگل 25 نومبر 2025 23:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ خواتین پر ہر قسم کے تشدد کا خاتمہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کو بااختیار بنانے، ان کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ان کے وقار کی بحالی کے لیے مزید ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔

مخدوم احمد محمود نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد نہ صرف ایک انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ یہ ایک منصفانہ اور مساوی معاشرے کی تشکیل میں بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے خواتین پر تشدد کی روک تھام کے لیے جامع قانون سازی، سماجی اور ثقافتی اصلاحات اور موثر نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ صنفی مساوات اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کی داعی رہی ہے اور ایک ایسے معاشرے کے قیام کے لیے کوشاں ہے جہاں خواتین خوف، تفریق، اور تشدد سے آزاد ہو کر زندگی گزار سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 1973 کے آئین میں صنفی مساوات کے اصول متعارف کروانے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے انقلابی اقدامات کو سراہا، جنہوں نے خواتین کے لیے علیحدہ پولیس اسٹیشنز، فرسٹ ویمن بینک، اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام جیسے ادارے قائم کر کے خواتین کے لیے ترقی اور خودمختاری کے نئے دروازے کھولے۔ مخدوم احمد محمود نے صدر آصف علی زرداری کی جانب سے متعارف کردہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور خواتین کسانوں کو زمین کی فراہمی جیسے اقدامات کو بھی تاریخی قرار دیا۔