2018 میں ن لیگ سے دھاندلی سے چھینی گئی نشستیں عوام نے واپس دلا دیں، رانا مشہود

جمعہ 19 دسمبر 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2025ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ آج خوشی کا دن ہے ،ضمنی انتخابات میں وہ نشستیں واضح اکثریت سے جیت لی گئیں جو 2018 میں ن لیگ سے دھاندلی کے ذریعے چھینی گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم میں عوام سے جو وعدے کئے تھے ان سب پر عمل کروائیں گے اور حلقے کی ہر یونین کونسل میں ترقیاتی کام کروائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایوان اقبال میں این اے 129 کے ضمنی انتخابات میں شاندار کامیابی پر حافظ میاں نعمان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں پی پی 172 میں ضمنی انتخابات میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر کارکنان کو تعریفی شیلڈز سے بھی نوازا گیا۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ آج خوشی کا دن ہے،وہ سیٹیں جو 2018 میں ن لیگ سے دھاندلی کرکے چھینی گئی تھیں،ضمنی انتخابات میں واضح اکثریت سے جیت گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم میں عوام سے جو وعدے کئے تھے ان سب پر عمل کروائیں گے اور حلقے کی ہر یونین کونسل میں ترقیاتی کام کروائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2018 میں دھاندلی کے ذریعے ایک نااہل شخص کو مسلط کیا گیا۔ففتھ جنریشن وار کے ذریعے ہمیں آپس میں لڑانے کی کوشش کی گئی اور ہمارے اوپر ایسے ایجنٹ کو مسلط کیا گیا ہے جس کے بارے حکیم سعید،عبدالستار ایدھی اور ڈاکٹر اسرار پہلے ہی کہہ چکے تھے۔

اس کے بعد ملک میں ہر محاذ پر تنزلی آئی، چاہے وہ معیشت کے حوالے سے ہوں یاخارجہ تعلقات کے حوالے سے ہوں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے ہمیشہ اچھے تعلقات رہے لیکن اس نا اہل شخص کی حکومت میں سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں بھی سرد مہری آئی اور چین کے ساتھ بھی تعلقات متاثرہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جس شخص کو وزیراعلیٰ مسلط کیا گیا تھا،وہ کہا کرتے تھے ہمیں پتہ ہی نہیں کہ کیا کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس نااہل حکومت کا وزیرخزانہ کہا کرتا تھا کہ پاکستان دیوالیہ ہوچکا ہے صرف اعلان ہونا باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب 2022 میں پاکستان کا پہلا وزیراعظم جو آئینی اور قانونی طریقے سے عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا گیا اور شہباز شریف وزیراعظم بنے تو انہوں نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو مشکل ترین حالات میں بھی کام کرنے کا تجربہ ہے اور یہ بات انہوں نے ثابت کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کی خواہش تھی کہ پاکستان سری لنکا کی طرح دیوالیہ ہوجائے اور ملک میں خون خرابہ ہولیکن شہباز شریف نے ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا کردیا۔رانا مشہود نے کہا کہ آج پوری دنیا میں پاکستان کی عزت کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جو حالیہ معاشی معاہدے کئے ہیں جلد ان کے ثمرات عوام تک بھی پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے والد سابق وزیراعظم نوازشریف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہر روز نئے منصوبوں کا افتتاح کر رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے وہ قابل افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی حالیہ تاریخ ہمارے سامنے ہے ،جن ممالک کی فوج مضبوط نہیں تھی ان کے ساتھ کیا ہوا؟لیکن ہماری افواج سینوں پر گولیاں کھاکر قوم کی حفاظت کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کو ایسا جواب دیا ہے کہ وہ زندگی بھر یاد رکھیں گے لیکن بھارت،اسرائیل اور ان کے ایجنٹوں کو فوج کھٹکتی ہے۔رکن قومی اسمبلی میاں حافظ نعمان نے کہا کہ اس ملک کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جو جماعت کہتی ہے کہ ہم دہشت گردوں سے بات کریں گے لیکن سیاسی جماعتوں سے بات نہیں کریں گے یہ ان کی آمرانہ ذہنیت کی عکاسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو جماعت پاکستان دشمن ملک کو انٹرویوز دیتی ہے، آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں کہ پاکستان کو امداد نہ دی جائے،اس طرح کے عزائم رکھنے والے لوگوں کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک کی ترقی کے لئے مزید منصوبے لا رہے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب اس ملک وقوم کی ترقی کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ تقریب میں کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔