تنظیمات اہل سنت پاکستان کی مرکزی مجلسِ شوری کا اجلاس،مرکزی کابینہ کی ایک سالہ مدت کا تعین میںنئی ذمہ داریوں کا اعلان

منگل 3 فروری 2026 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2026ء) تنظیمات اہل سنت پاکستان کی مرکزی مجلسِ شوری کے اہم اجلاس میں مرکزی کابینہ کی ایک سالہ مدت کا تعین کرتے ہوئے نئی ذمہ داریوں کا اعلان کر دیا گیا۔مرکزی مجلسِ شوری نے سال 2026/27کے لیے سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی کو مرکزی امیر،پیر آف بھرچونڈی شریف پیر میاں عبدالخالق القادری کو سرپرستِ اعلی،پیر آف مانکی شریف پیرزادہ محمد امین قادری کو مرکزی کنوینر، انجمن طلبہ اسلام کے سابق مرکزی سیکرٹری جنرل محمد اکرم رضوی کو مرکزی ترجمان اور مرکزی جماعت اہلِ سنت کے سیکرٹری اطلاعات صاحبزادہ سید احسان گیلانی کو میڈیا کوآرڈینیٹر مقرر کرنے کی توثیق کر دی ۔

اجلاس میں چاروں صوبوں سمیت ریاست آزاد جموں و کشمیر سے اراکینِ مرکزی مجلس شوری نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تنظیمات اہلِ سنت پاکستان کے پلیٹ فارم سے اہلِ سنت کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے جدوجہد کو مزید تیز کیا جائے گا جبکہ فرقہ واریت، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ملک بھر میں منظم تحریک چلائی جائے گی۔نومنتخب مرکزی امیر صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکثریتی مکتبہ فکر کو متحد اور منظم کر کے ایک مضبوط قوت بنایا جائے گا۔

انہوں نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد فساد فی الارض کے مجرم ہیں اور اہلِ سنت دہشت گردی کے خاتمے میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اسلام قتل ناحق کی اجازت نہیں دیتا۔سرپرستِ اعلی پیر میاں عبدالخالق القادری نے کہا کہ کوئٹہ میں بے گناہ انسانوں کو شہید کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔پاکستان اسلام اور انسانی حرمت کا علمبردار ہے اجلاس سے دیگر نو منتخب عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی، امن و امان اور استحکامِ وطن کے لیے خصوصی دعا کی گئی ، سانحہ کوئٹہ کے شہدا اور زخمیوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا گیا ۔