بلاول بھٹو زرداری کی ملک کے استحکام، امن اور عوام کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں

ہفتہ 21 مارچ 2026 16:17

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2026ء) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نمازِ عید ادا کرنے کے لیے گڑھی خدا بخش پہنچے جہاں انہوں نے شہدائے جمہوریت کی مزاروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔نمازِ عید کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے استحکام، امن اور عوام کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں جبکہ انہوں نے خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ، بالخصوص فلسطین میں امن کے قیام کے لیے بھی دعا مانگی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے شہریوں سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارک باد دی۔ بعد ازاں انہوں نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو اورسابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی مزاروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے بیگم نصرت بھٹو، میر مرتضیٰ بھٹو اور میر شاہنواز بھٹو سمیت دیگر کی مزاروں پر بھی حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ایم پی اے نثار احمد کھوڑو اور سید قائم علی شاہ سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے متعدد رہنما اور کارکن بھی موجود تھے۔اپنے عیدالفطر کے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر صرف خوشی کا دن نہیں بلکہ ایمان، ہمدردی اور انسانی یکجہتی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا موقع بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عیدالفطر صبر، قربانی اور روحانی تجدید کے سفر کی تکمیل کی علامت ہے، جو ہمیں سخاوت اور دوسروں کی مدد کرنے کا درس دیتی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ ہم سب کو چاہیے کہ عید کی خوشیاں ضرورت مند افراد کے ساتھ بھی بانٹیں۔ موجودہ وقت میں دنیا کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے حالات میں عید کا پیغام ہمیں اتحاد، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینے کی ترغیب دیتا ہے۔آخر میں انہوں نے دعا کی کہ یہ عید بھائی چارے کو مضبوط بنانے اور ایک ایسا معاشرہ قائم کرنے کا ذریعہ بنے جو انصاف، مساوات اور ایک دوسرے کے خیال رکھنے کے اصولوں پر مبنی ہو۔