Live Updates

نیا ورلڈ آرڈر 50برس تک لاگو ہوگا جس میں امریکا اور اس کے حواری شامل نہیں ہوں گے، چودھری اعتزاز احسن

جمعرات 2 اپریل 2026 22:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نیا ورلڈ آرڈر 50برس تک لاگو ہوگا جس میں امریکا اور اس کے حواری شامل نہیں ہوں گے۔ایران اور اسرائیل کی جنگ کے اثرات صرف خلیجی ممالک تک نہیں رہیں گے اس کے اثرات پوری دنیا پر ہوں گے۔وہ شہید بھٹو فاونڈیشن کے زیر اہتمام پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ایران امریکہ جنگ پر منعقدہ مباحثے سے خطاب کر رہے تھے۔

مباحثے میں نظامت کے فرائض چیئر پرسن ایس بی ایف آصف خان نے انجام دئیے۔مباحثے سے رانا اکرام ربانی، شاہدہ جبیں، بشری ملک، فرخ سہیل گوندل، آئمہ افتخار، عمار جان، رضا اشفاق شیخ نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر صدر پیپلز پارٹی لاہور کے میڈیا اینڈ پولیٹیکل ایڈوائزر آغا تقی شاہ،نصیر احمد، شیخ روشن علی، سید واجد علی شاہ، میاں محمد تنویر، اختر حسین، عثمان الحق قریشی، نجم الحق قریشی، راجہ اشفاق، را شجاعت، نیاز خان، محمد سرور، وقار ملک، خالد بٹ، طاہر حسین جعفر، احمد گھمن، رابعہ علی، کنیز فاطمہ، عائشہ و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چودھری اعتزاز احسن نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کی جنگ کے اثرات صرف خلیجی ممالک تک نہیں رہیں گے اس کے اثرات پوری دنیا پر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ تیل ایسی جنس ہے جس کو ہر ملک نے لینا ہے۔مستقبل میں تیل کا کلیدی کردار ہے،اس تیل کی جنگ سے سولر اور ونڈ انرجی سیکٹر کی مانگ بڑھے گی۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایک بڑی جنگ لگی ہوئی ہے جبکہ پاکستان کی بھی افغانستان کے خلاف جنگ اس کی طرف سے دہشتگردی کیخلاف ہورہی ہے،ہم نے چالیس سال افغانوں کو پناہ دی ،ان کے لیے سکول بنائے اور بیشمار فلاحی کام کیے۔انہوں نے زور دیکر کہا کہ انڈیا افغانستان کو فنڈنگ کر رہا ہے،اگر تیسری دنیا کے ممالک کو آگے بڑھنا ہے توہمیں اپنے ملکی مفاد اور نقصان کو دیکھنا ہو گا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات