Live Updates

دفاع خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ میں اربوں روپے کے میگا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا

مریم نواز کی خصوصی توجہ سے شہر میں ترقیاتی کاموں کا پیکج دیا گیا ہے،آئندہ تین سالوں میں شہر اقبال کی شکل و صورت میں واضح تبدیلی آئے گی، میڈیا سے گفتگو

اتوار 5 اپریل 2026 16:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2026ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ضلع بھر کے لیے اربوں روپے کے میگا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی توجہ سے شہر میں ترقیاتی کاموں کا پیکج دیا گیا ہے،آئندہ تین سالوں میں شہر اقبال کی شکل و صورت میں واضح تبدیلی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ترقی کا سفر مریم نواز کی قیادت میں جاری رہیگا،آئندہ الیکشن میں ایک ایسا رپورٹ کارڈ لے کر آئیں گے جس میں ملک کی ترقی کی راہوں پر گامزن ہو گا۔وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بتایا کہ اس پیکج میں اقبال منزل کے اطراف 16 ارب روپے سے زائد کی لاگت کا تزئین و آرائش کا منصوبہ بھی شامل ہے جبکہ شہر کی صفائی اور نظام کی بہتری کے لیے 64 کروڑ روپے کی جدید مشینری کی منظوری دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال سیلاب سے ہونے والی تباہی کے پیش نظر شہر کے نالوں کی تعمیرِ نو کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ سیالکوٹ کو مستقل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔ تاریخی ورثے کی بحالی کے لیے قلعہ سیالکوٹ پر 30 کروڑ کی لاگت سے پارک جبکہ اقبال منزل کی اپ گریڈیشن پر 10 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ شہر میں 380 ڈسپوزل اسٹیشنز کی تعمیر سے نکاسی آب کے مسائل بھی حل ہوں گے۔وزیر دفاع نے مشرق وسطی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اسرائیل جنگ کے اثرات سے بچنے کے لیے بڑے فنڈز کی ضرورت پڑے گی۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات