Live Updates

پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کاپارٹی کو مضبوط بنانے اور سینئر سیاستدانوں کو شامل کرنے کیلئے رابطہ مہم کا آغاز

منگل 14 اپریل 2026 22:31

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2026ء) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی جانب سے آئندہ بلدیاتی اور جنرل انتخابات کے حوالے سے سندھ میں پارٹی کو مضبوط بنانے اور تنظیم میں نامور سینئر سیاستدانوں کو شامل کرنے کے لیے رابطہ مہم کا آغاز لاڑکانہ سے کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پیر سائیں پگارا کے فرزند اور فنکشنل مسلم لیگ کے رہنما راشد شاہ راشدی نے سابق ایم پی اے معظم علی عباسی، حسنین مرزا اور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حضرت پیر سائیں پگارا کی ہدایات پر پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے سندھ بھر میں رابطہ مہم شروع کی گئی ہے، جس کی ابتداءسندھ کے سیاسی گڑھ لاڑکانہ سے کی گئی ہے، جہاں ہمیں ایک بڑی کامیابی ملی ہے کہ غریب عوام کے ہمدرد سابق ایم پی اے معظم علی خان نے فنکشنل مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں بدین سے بھی ایک نامور شخصیت ہماری پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرے گی اور آہستہ آہستہ سندھ کے ہر ضلع میں موجودہ حکومت سے بیزار عوام دوست سیاستدان شمولیت اختیار کرتے رہیں گے، جن کے تعاون سے ہم قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے انقلاب لائیں گے اور سندھ کے مظلوم عوام کے لیے جدوجہد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کی جانب سے نامزد کئے گئے وزیر اعظم پاکستان محمد خان جونیجو کے دورِ حکومت میں ملک میں نہ کرپشن تھی، نہ منشیات اور نہ ہی لاقانونیت، جس کی تاریخ گواہ ہے، آج بھی سانگھڑ میں جونیجو کا سادہ گھر موجود ہے اور اس پر کوئی الزام نہیں، کیونکہ اس وقت ہر کام میرٹ کی بنیاد پر ہوتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر زراعت کی بات کی جائے تو سندھ میں اس کے ساتھ بھی زیادتی کی گئی ہے۔ پہلے گندم کی فی من قیمت 4500 روپے مقرر کرنے کا اعلان کیا جاتا ہے، لیکن جب کاشتکار محنت کر کے فصل تیار کرتے ہیں تو انہیں اس کی بہت کم قیمت دی جاتی ہے، جس سے ہاریوں اور کسانوں کا معاشی قتل عام ہو رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مذاکرات کرانا ایک بہت اچھا اقدام ہے، جس سے دنیا بھر میں پاکستان کا مورال بلند ہوا ہے اور آج دنیا ہمارے ملک کو عزت کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تمام کوشش میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اہم کردار ہے، جنہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جونیئر ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ ہمارا اتحاد ہو چکا ہے، تاہم پارٹی میں شمولیت کے لیے انہیں اپنی والدہ غنویٰ بھٹو اور بہن فاطمہ بھٹو سے مشاورت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر ذوالفقار علی بھٹو ملک کے سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے اور شہید میر مرتضیٰ بھٹو کے صاحبزادے ہیں، جو شہیدوں کے اصل وارث ہیں اور ان میں بھی اپنے شہید دادا اور والد کی طرح غریب عوام کے لیے کچھ کرنے کا جذبہ موجود ہے۔اس موقع پر سابق ایم پی اے معظم علی عباسی، حسنین مرزا اور دیگر رہنمائوں نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات