Live Updates

ملکی معیشت کی بحالی کے لیے تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش رکاوٹوں کا فوری خاتمہ ناگزیر ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

کاروباری طبقہ معیشت کی شہ رگ ہے، ان کے مسائل کا حل وفاقی سطح پر ہماری اولین ترجیح ہے،ٹیکسوں کے بھاری بوجھ اور بجلی کی قیمتوں نے بزنس کمیونٹی کی کمر توڑ دی ہے، چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان کے الیکٹرک کی من مانیاں اور شہر کا ناقص انفراسٹرکچر کراچی کی تجارت کے لیے زہرِ قاتل ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

اتوار 26 اپریل 2026 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2026ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان و وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیرِ صدارت متحدہ بزنس فورم کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی موجودہ سنگین معاشی صورتحال اور کاروباری برادری کو درپیش گھمبیر مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما و رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار، مرکزی رہنما شبیر احمد قائم خانی، جنرل سیکریٹری مجاہد رسول، وائس پریزیڈنٹس عاصم اعزاز عالم اور عدنان خان سمیت بزنس فورم کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان اس وقت تاریخ کے نازک ترین معاشی موڑ پر کھڑا ہے اور ایسے میں تاجر برادری اور صنعتکار ملک کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو سہارا دینے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ جب تک بزنس کمیونٹی کے تحفظات دور نہیں کیے جاتے اور انہیں کام کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم نہیں کیا جاتا تب تک معاشی استحکام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفاقی حکومت کی سطح پر تاجروں کے مسائل اٹھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسوں کے نظام میں اصلاحات اور بجلی و گیس,پیٹرول کی قیمتوں میں استحکام لانا وقت کی پکار ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کی صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں کا ذکر کیا اور کے الیکٹرک کے غیر منصفانہ رویے سمیت شہر کے تباہ حال انفراسٹرکچر پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی جو پورے ملک کو پالتا ہے اسے جان بوجھ کر بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے جو کہ معاشی دہشت گردی کے مترادف ہے۔

اجلاس میں مرکزی رہنماں نے بزنس فورم کے زمہ داران کو ہدایت دی کہ وہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے مختلف سطحوں پر کمیٹیاں تشکیل دیں اور حکومت کے متعلقہ اداروں کے ساتھ موثر رابطہ کاری کو یقینی بنائیں تاکہ معاشی پہیہ تیزی سے چل سکے۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کاروباری طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور ان کے مسائل کے حل تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات