Live Updates

پاکستانی سفارتکاری سے ایران امریکہ کشیدگی میں کمی آئی ہے، عالمی امن کے قیام میں پاکستان کا کردار قابل فخر ہے، رانا ثناء اللہ

ہفتہ 2 مئی 2026 17:57

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2026ء) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے غیرمعمولی سفارتی کردار ادا کیا ہے جس کے نتیجے میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی اور سیز فائر کی صورتحال ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار مسلسل عالمی قیادت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور پاکستان کی سنجیدہ سفارتی کاوشوں کو پوری دنیا سراہ رہی ہے جبکہ یہ سیز فائر آئندہ بھی برقرار رہنے کی توقع ہے اور خطے میں پائیدار امن کے امکانات روشن ہو رہے ہیں۔

ہفتہ کو یہاں نجی میڈیکل کالج کے کانووکیشن سے خطاب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے اور دنیا میں امن کا داعی رہا ہے اور موجودہ بین الاقوامی صورتحال میں بھی پاکستان نے ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے کیلئے بھرپور سفارتی کوششیں کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا آج پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی بصیرت، تدبر اور دوراندیشی کی معترف ہے اور یہ تعریف صرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تک محدود نہیں بلکہ سعودی عرب، ایران سمیت دیگر کئی اہم ممالک بھی پاکستان کی امن کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش اور امریکی ناکہ بندی جیسے خدشات جلد ختم ہو جائیں گے کیونکہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی سے پیدا ہونے والی تباہی اور خطرات کے بعد عالمی برادری اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ مذاکرات اور سفارتکاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں اور پاکستان اسی مؤقف کو کامیابی سے دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بعض عناصر سوشل میڈیا پر ذاتی بغض، عناد اور گھٹیا سیاست کے تحت پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم قوم نے ہمیشہ ایسے منفی پراپیگنڈے کو مسترد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ”معرکہ حق“ کے دوران بھی چند عناصر نے سوشل میڈیا پر گمراہ کن مہم چلائی مگر پوری قوم نے سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ کھڑے ہو کر ثابت کیا کہ پاکستان کے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی کامیاب حکمت عملی نے دنیا بھر میں ملک کا وقار بلند کیا ہے اور آج عالمی سطح پر پاکستان کو امن کے داعی اور ذمہ دار ریاست کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئندہ بھی عالمی امن و استحکام کے فروغ کیلئے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔ ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کسی قسم کی بیک ڈور ڈیل نہیں ہو رہی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے تمام معاملات عدالتوں کے سپرد ہیں اور عدالتیں آئین و قانون کے مطابق فیصلے سنائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی قانونی ریلیف چاہتے ہیں انہیں عدالتی فورمز سے رجوع کرنا ہوگا اور تمام فیصلے خالصتاً قانونی بنیادوں پر ہوں گے۔ فیصل آباد میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میٹرو میگا پراجیکٹ سمیت شہر کے تمام بڑے منصوبے ہر صورت مکمل کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد کے عوام سے جو وعدے کیے ہیں وہ ہر قیمت پر پورے ہوں گے۔ اگرچہ موجودہ عالمی حالات کے باعث ترقیاتی بجٹ پر وقتی دباؤ آ سکتا ہے تاہم کسی بھی میگا منصوبے کو نہ ختم کیا گیا ہے اور نہ ہی ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بعض منصوبوں کی رفتار میں وقتی ردوبدل ممکن ہے لیکن فیصل آباد میٹرو منصوبہ اور دیگر ترقیاتی سکیمیں حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں اور انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا تاکہ شہریوں کو جدید سفری اور بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔

رانا ثناء اللہ نے ”معرکہ حق“ کی پہلی سالگرہ کے حوالے سے کہا کہ 7 سے 10 مئی تک ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح قوم 1965ء کی جنگ کے حوالے سے 6 ستمبر کو یوم دفاع مناتی ہے، اسی طرح 7 سے 10 مئی کے ایام بھی پاکستان کی عسکری تاریخ میں فخر، عزت اور قومی وقار کی علامت بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”معرکہ حق“ کی تقریبات کے دوران پوری قوم اپنے شہداء، غازیوں، مسلح افواج اور عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کرے گی اور ان کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ”معرکہ حق“کی کامیابی نے پاکستان کے دفاعی تشخص کو نئی قوت بخشی ہے اور یہ دن آئندہ نسلوں کیلئے بھی قومی فخر کی علامت رہیں گے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ٹھیکیداروں کی ادائیگیوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ جن ٹھیکیداروں نے معیار کے مطابق کام مکمل کیا ہے انہیں ادائیگیاں ضرور کی جائیں گی، تاہم جہاں کسی قسم کی بے ضابطگی ہے یا کوئی انکوائری زیرالتوا ہے وہاں قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بغیر میرٹ ریلیف نہیں دیا جائے گا، لیکن جائز حق رکھنے والوں کو ان کا حق ہر صورت ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شفافیت، میرٹ اور احتساب کے اصولوں پر مکمل یقین رکھتی ہے اور ہر معاملے میں قانون کے مطابق فیصلے کیے جائیں گے تاکہ عوامی وسائل کا درست اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات