کسی ایک بھی قیمتی جان کے تحفظ کیلئے ہر حد، ہر رکاوٹ اور ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، وزیراعظم

وائرل امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پورے ملک میں آٹو ڈسیبل سرنج کا استعمال یقینی بنایا جائے، بروقت تشخیص سے ہی موذی امراض کا مکمل سدباب ممکن ہوسکے گا؛ صحت سے متعلق اجلاس سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی منگل 5 مئی 2026 17:14

کسی ایک بھی قیمتی جان کے تحفظ کیلئے ہر حد، ہر رکاوٹ اور ہر قربانی دینے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2026ء) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کسی بھی ایک قیمتی جان کے تحفظ کے لیے ہم ہر حد، ہر رکاوٹ اور ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزارت برائے امورِ قومی صحت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وزیراعظم کو پولیو، ہیپاٹائیٹس اور ایڈز کی بروقت تشخیص اور انسے بچاؤ و علاج کے لیے اقدامات کے حوالے سے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ایڈز جیسے مرض کے خاتمے کے لیے ملک کے بڑے ہسپتالوں میں 98 اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی سنٹرز قائم ہوچکے، جسے ایک سال میں 164 تک لے جایا جائے گا، ملک واپس آنے والے غیر قانونی تارکین وطن کے لیے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ایڈز کیلئے اسکریننگ شروع ہو چکی ہے، وزیراعظم قومی پروگرام برائے انسداد ہیپاٹائیٹس سی کا پائلٹ جلد اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شروع کیا جائے گا، ماحولیاتی نمونوں کی حالیہ جانچ میں پولیو وائرس کی موجودگی میں بتدریج کمی آرہی ہے جو کہ خوش آئند ہے، حالیہ انسداد پولیو مہم میں کوریج 98 فیصد رہی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ شہریوں کی صحت کے لیے بہترین خدمات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کسی بھی ایک قیمتی جان کے تحفظ کے لیے ہم ہر حد، ہر رکاوٹ اور ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، تمام سرکاری ہسپتالوں میں ہیپاٹائیٹس اور ایڈز جیسے موذی امراض کی بروقت تشخیص اور ان سے تحفظ، بچاؤ و علاج کے لیے تمام مریضوں کی اسکریننگ یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے وزارت قومی صحت کو صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ہیپاٹائیٹس، ایڈز اور دیگر امراض کی بروقت رپورٹنگ کے لیے مربوط نظام تشکیل دینے کی ہدایت کی، انہوں نے مزید کہا کہ بروقت تشخیص سے ہی ان امراض کا مکمل سدباب ممکن ہو سکے گا، ہیپیٹائٹس کی اسکریننگ، ٹیسٹنگ اور علاج کیلئے وزارت صحت صوبوں کے اشتراک سے "وزیراعظم ہیپیٹائٹس کنٹرول پروگرام" کے نفاذ میں تیزی لائے، وائرل امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پورے ملک میں آٹو ڈسیبل سرنج کا استعمال یقینی بنایا جائے، ڈریپ اور دیگر ادارے سرنج کے دوبارہ استعمال کو مکمل طور پر روکنے کو یقینی بنائیں۔

بتایا جارہا ہے کہ وزیرِ اعظم نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا بھی اظہار کیا، اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔