نواز شریف نے آزاد کشمیر پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس 8مئی کو طلب کرلیا

مسلم لیگ(ن)کی قیادت آئندہ انتخابات کے لیے حکمت عملی اور امیدواروں کے معاملات کا جائزہ لے گی،ذرائع

منگل 5 مئی 2026 23:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس 8مئی کو لاہور طلب کر لیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق میاں محمد نواز شریف آزاد کشمیر انتخابات 2026کیلئے قائم پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس صبح 11بجے مسلم لیگ (ن)سیکرٹریٹ -180ایچ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہوگا۔

پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد 11بج کر 30منٹ پر ٹکٹ کے امیدواروں سے ملاقات ہوگی، آزاد کشمیر انتخابات کے لیے ٹکٹ کے امیدواروں کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن)کی قیادت آئندہ انتخابات کے لیے حکمت عملی اور امیدواروں کے معاملات کا جائزہ لے گی، آزاد کشمیر کی قیادت کی جانب سے انتخابی حلقوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی، مہاجرین کے 12حلقوں کے ٹکٹوں کی حتمی منظوری اور اعلان کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب صدر مسلم لیگ(ن)آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کی قیادت میں آزاد کشمیر پارلیمانی بورڈ کے اراکین، عہدیداران اور ٹکٹ کے امیدوار اجلاس میں شریک ہوں گے،پارلیمانی بورڈ میں وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار بھی شامل ہوں گے۔علاوہ ازیں وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام کے علاوہ احسن اقبال، خواجہ آصف، مریم نواز اور حمزہ شہباز بھی اجلاس میں شریک ہوں گے جبکہ رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق اور مریم اورنگزیب، کیپٹن (ر)محمد صفدر، پرویز رشید، برجیس طاہر اور انوشہ رحمان بھی بھی پارلیمانی بورڈ کا حصہ ہوں گے۔