Live Updates

ایران امریکا جنگ‘ یو اے ای میں رہنا مشکل ہوگیا، سیکڑوں پاکستانیوں کی واپسی

بدھ 6 مئی 2026 20:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2026ء) ایران امریکا جنگ نے عرب امارات میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے لیے مشکلات کے پہاڑ کھڑے کردئیے، سیکڑوں پاکستانی واپس ملک آرہے ہیں جس پر اوورسیز ایمپلائز پروموٹرز بھی پریشان ہوکر رہ گئے ہیں اور انہوں نے حکومت سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔اوورسیز ایمپلائز پروموٹر ایسوسی ایشن کے رہنما اظہر اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ ایران امریکا کشیدگی کے بعد خاص طور پر دبئی میں پاکستانیوں کے لیے بڑے مسائل پیدا ہو چکے ہیں، پہلے ہی پاکستان کے لیے ویزوں کا اجرا بند تھا رہی سہی کسر ایران امریکا کشیدگی کے باعث پاکستانیوں کو وہاں سے نکالے جانے کی وجہ سے پوری ہوگئی، سیکڑوں کی تعداد میں پاکستانی واپس آچکے ہیں اکاؤنٹ فریز ہو چکے ہیں جن کمپنیوں کے ساتھ کنٹریکٹ تھے وہ منسوخ ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ہماری سکیورٹی کی مد میں اربوں روپے وہاں جمع ہیں جبکہ پاکستان میں لائسنس کے لیے بھی اربوں روپے حکومت پاکستان کو دئیے ہزاروں لاکھوں پاکستانیوں کو باعزت ملازمتیں فراہم کی جو سالانہ آٹھ دس ارب ڈالر دن رات محنت کرکے پاکستان بھجواتے ہیں مگر حکومت پاکستان حالات خراب ہونے کے بعد کچھ نہیں کر رہی ہزاروں پاکستانی بے روزگار ہو چکے ہیں حکمرانوں کے پاس اس اہم مسئلے کے لیے وقت ہی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر عرب امارات میں حالات خراب ہیں تو ٹھیک کسے کرنے ہیں جو بے روزگار ہو رہے ہیں ان کو دیگر ممالک میں بسانے اور روزگار دلانے کے لیے ابھی تک حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کیے۔جنگی بنیادوں پر ان معاملات کو حل کرنا ہوگا ورنہ بے روزگاری کا سیلاب آجائے گا، دبئی اور دیگر عرب ریاستوں سے جو آٹھ دس ارب ڈالر آتے تھے اب نہیں آئیں گے تو حکومت کیا کرے گی عرب امارات کے ساتھ جو بھی مسئلے مسائل ہیں انہیں فوری حل کریں ورنہ حالات خراب ہو جائیں گے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات