Live Updates

تنظیماتِ اہلسنت پاکستان کے زیر اہتمام 10 مئی کو بنیانِ مرصوص سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا،حامد سعید کاظمی

بدھ 6 مئی 2026 19:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) نظیماتِ اہلسنت پاکستان کا سربراہی اجلاس سابق وفاقی وزیر اور تنظیماتِ اہلسنت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق وفاقی وزیر اور نظامِ مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی محمد حنیف طیب، جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) اور ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر الوری، سابق ممبر قومی اسمبلی اور سجادہ نشین آستانہ عالیہ شرقپور شریف میاں جلیل احمد شرقپوری، انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی صدر فیصل قیوم ماگرے، وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ کے چیئرمین ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، جماعت اہلِ حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی، پاکستان سنی تحریک کے سربراہ شاداب رضا نقشبندی، نظام المدارس پاکستان کے ناظمِ اعلی میر آصف اکبر قادری، محافظانِ نظریہ پاکستان کے چیئرمین پیرزادہ محمد امین قادری، تنظیماتِ اہلسنت کے مرکزی ترجمان محمد اکرم رضوی، صاحبزادہ معاذ المصطفی قادری، ڈاکٹر یونس دانش اور دیگر شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد مشترکہ جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ تنظیماتِ اہلسنت پاکستان اہلِ سنت کا ایک نمائندہ پلیٹ فارم ہے، جس کے تحت اتحادِ اہلِ سنت کی جدوجہد کو مزید تیز اور منظم کیا جائے گا، عید الاضحی کے بعد اہلِ سنت جماعتوں کی"آل پارٹیز کانفرنس" طلب کی جائے گی، تنظیماتِ اہلسنت پاکستان کے زیرِ اہتمام ملک کے چاروں صوبوں سمیت ریاست آزاد جموں و کشمیر میں صوبائی سطح پر بھرپور کنونشنز کا انعقاد کیا جائے گا،10 مئی کو آپریشن بنیانِ مرصوص کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں بنیانِ مرصوص سیمینارز اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی جن میں قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دیا جائے گا۔

ایران کی حمایت در اصل پاکستان اور اسلام کی حمایت ہے،امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کو عالمی امن کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔پاکستان کی متوازن، فعال اور موثر سفارت کاری نے اس کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا اور ممکنہ تصادم کے نتیجے میں تیسری عالمی جنگ کے خطرات ٹل گئے۔اس حوالے سے قومی سیاسی و عسکری قیادت کی دانشمندانہ اور جراتمندانہ حکمت عملی قابل تحسین ہے۔

صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور نظریاتی بقا کے لیے تمام اہلسنت کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اہلِ سنت کو ایک منظم قوت بنا کر ملک میں امن، بھائی چارے اور رواداری کو فروغ دیا جائے گا ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات قابل مذمت ہیں، بے گناہ شہریوں کا قتل انسانیت دشمنی ہے اور ایسے عناصر فساد فی الارض کے مرتکب ہیں۔صاحبزادہ حامد سعید کاظمی نے کہا کہ ناموسِ رسالت ﷺکا تحفظ امتِ مسلمہ کے ایمان کا بنیادی جز ہے، پاکستان دشمن قوتیں ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم اہلِ سنت پاکستان ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات