پنجاب حکومت کے ماحول دوست اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں‘ مریم اورنگزیب

کلائمیٹ آبزرویٹری کے منصوبے پر کام جاری ہے جو خطے کی سب سے بڑی آبزرویٹری ہوگی ‘ سینئر صوبائی وزیر

جمعرات 7 مئی 2026 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں عملی اور موثر ماحول دوست اقدامات یقینی بنائے ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں،پنجاب میں کلائمیٹ آبزرویٹری کے منصوبے پر کام جاری ہے جو خطے کی سب سے بڑی آبزرویٹری ہوگی اور اس میں زمین، سیلاب، موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی عوامل سے متعلق جامع ڈیٹا موجود ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ بریتھ پاکستان انٹرنیشنل کلائمیٹ چینج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پالیسی سازوں، ماہرین، محققین اور اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب آبادی کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور وزیراعلی مریم نواز شریف کی حکومت نے ماحولیاتی تحفظ، فضائی آلودگی کے خاتمے اور کلائمیٹ ایکشن کے لیے متعدد انقلابی اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں الیکٹرک بسیں چلائی جا رہی ہیں جبکہ ائیر کوالٹی اور کلائمیٹ وژن کو ایک باقاعدہ پالیسی فیصلے کے طور پر لانچ کیا گیا ہے، جس کا مستقل جائزہ لیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انوائرمنٹل پروٹیکشن فورس قائم کی جا چکی ہے جبکہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ماحولیاتی تبدیلی اور فضائی آلودگی سے متعلق معاملات کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ رہائشی علاقوں سے صنعتوں کی منتقلی پر کام جاری ہے، فیصل آباد میں تیس سے زائد صنعتی یونٹس پر کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ سیالکوٹ میں 40ٹینریز کو رہائشی علاقوں سے باہر منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسموگ پنجاب کے لیے ایک بڑا چیلنج تھا اور جب موجودہ حکومت آئی تو ائیر کوالٹی مانیٹرنگ کا مثر نظام موجود نہیں تھا، تاہم اب پنجاب بھر میں 59ائیر کوالٹی مانیٹرز نصب کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 9ہزار صنعتی یونٹس میں انوائرمنٹل کنٹرول یونٹس قائم کیے گئے ہیں جبکہ اینٹوں کے بھٹوں کو کیو آر کوڈز جاری کیے گئے ہیں اور ان کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں ڈرینج سسٹم کی تعمیر و بحالی پر کام جاری ہے جبکہ 6ہزار سپر سیڈرز صوبے بھر میں کام کر رہے ہیں جس سے فصلوں کی باقیات جلانے میں نمایاں کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو نو پلاسٹک زون سمیت مختلف ماحولیاتی زونز میں تقسیم کیا جا رہا ہے تاکہ ماحول کو انسان دوست بنایا جا سکے۔ مری میں تعمیرات کے لیے بائی لاز بنائے گئے ہیں اور مری ماسٹر پلان پر عملدرآمد جاری ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے میں بھی بڑے اقدامات کیے ہیں اور 60ہزار ہیلتھ ورکرز بھرتی کیے گئے ہیں جو گھر گھر جا کر طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

دھوئیں اور فضائی آلودگی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی بروقت نشاندہی بھی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب نے فضائی آلودگی اور ماحولیاتی مسائل پر جس انداز میں کام کیا، اس پر کئی ممالک نے رابطہ کیا ہے۔ موبائل ائیر کوالٹی مانیٹرز گلی گلی جا کر فضائی معیار کی نگرانی کریں گے جبکہ نجی شعبے کے ساتھ مل کر بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے ریسرچرز اور طلبہ کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت پنجاب کے ماحولیاتی اقدامات کا جائزہ لینے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری بھی تیار کی جا رہی ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سموگ سے پاک ماحول کے لیے گزشتہ دو سالوں میں ائیر کوالٹی انڈیکس میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ دو سالوں میں 30 ہزار سڑکیں تعمیر یا مرمت کی گئی ہیں جبکہ سڑکوں کے اطراف شجرکاری بھی کی گئی ہے۔ ستھرا پنجاب پروگرام شہروں کے ساتھ ساتھ دیہاتوں میں بھی کامیابی سے جاری ہے جبکہ غیر قانونی تجاوزات کے خلاف صوبہ بھر میں بلا امتیاز آپریشن کیا گیا ہے۔