کراچی بانیانِ پاکستان کی اولادوں کا شہر، وطن کے دفاع کیلئے ہر اول دستہ ثابت ہوگا، ڈاکٹرعشرت العباد

جمعہ 8 مئی 2026 16:11

کراچی بانیانِ پاکستان کی اولادوں کا شہر، وطن کے دفاع کیلئے ہر اول دستہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2026ء) سابق گورنر سندھ اور میری پہچان پاکستان کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کراچی بانیانِ پاکستان کی اولادوں کا شہر ہے اور وطنِ عزیز کے دفاع کیلئے یہ شہر ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گا۔ پاکستان کی طرف میلی نگاہ اٹھانے والوں کو صفح ہستی سے مٹا دیا جائے گا۔انہوں نے اسلام آباد، راولپنڈی، ساہیوال، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، کراچی کے 25 ٹانز اور حیدرآباد میں ویڈیو لنک کے ذریعے منعقدہ معرکہ حق جشنِ فتح بنیان المرصوص کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن اب پاکستان کے کسی شہر یا صوبے کے بارے میں بات کرنے سے پہلے سو بار سوچے کیونکہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور حکمت عملی سے دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس نے پوری دنیا پر واضح کردیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں دشمن کو واضح پیغام دیا جاچکا ہے کہ پاکستان ایک متحد اور مضبوط ریاست ہے۔

پاکستان کی تمام اکائیاں ایک لڑی میں پروئی جاچکی ہیں اور پاکستان ہمیشہ زندہ باد ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ جشنِ فتح بنیان المرصوص صرف ایک کامیابی کا جشن نہیں بلکہ قومی اتحاد، حب الوطنی، استقامت اور افواجِ پاکستان سے محبت کا مظہر ہے۔ دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستانی قوم امن پسند ضرور ہے، مگر وطن کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

انہوں نے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی، سفارتی محاذ اور دفاعی حکمت عملی پر پوری قیادت نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو پذیرائی مل رہی ہے اور پاکستان ایک مضبوط، باوقار اور ذمہ دار ایٹمی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ذاتی، سیاسی اور لسانی اختلافات سے بالاتر ہوکر ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے متحد ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیں عہد کریں کہ پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر بنائیں گے اور اسے دنیا کی ایک مثالی، ترقی یافتہ اور مضبوط اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔