شہید نعیم حسنی اور دانش حسنی کی برسی پر بلاول بھٹو زرداری کا پیغام

جمعہ 8 مئی 2026 23:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2026ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی ضلع سینٹرل کراچی کے سابق صدر شہید نعیم حسنی اور ان کے صاحبزادے شہید دانش حسنی کی برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید نعیم حسنی اور شہید دانش حسنی کی قربانی آج بھی کراچی کے ضمیر اور پارٹی کی روح میں زندہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باپ اور بیٹے کی یہ قربانیاں محض تاریخ کا حصہ نہیں بلکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریات سے وابستگی اور ثابت قدمی کی زندہ علامت ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پارٹی کے شہدا نے ثابت کیا کہ جمہوریت اور عوام سے وفاداری خوف اور تشدد سے کہیں زیادہ طاقتور ہوتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے شہدا کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ہماری جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہر شہید کی قربانی ایک زیادہ منصفانہ، جمہوری اور انسان دوست پاکستان کی صورت میں نہ کھل اٹھے۔