معرکہ حق نے دشمن کی کمزوریاں بے نقاب کر دیں، پاکستان کی قومی یکجہتی مضبوط ہے: گورنر پنجاب

ہفتہ 9 مئی 2026 16:47

معرکہ حق نے دشمن کی کمزوریاں بے نقاب کر دیں، پاکستان کی قومی یکجہتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ معرکہ حق نے دشمن قوتوں اور غیر موثر قیادت کی کمزوری کو بے نقاب کر دیا، پاکستان کی متحد قوم اور فیصلہ کن کمان غلط حساب کتاب کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑتی۔ ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نےبھارتی قیادت اور فضائیہ پر کڑی تنقید کی اور ان کے اقدامات کو غیر موثر اور بزدلانہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دھمکانے کی اس طرح کی کوششوں سے پوری قوم یکجا ہو گئی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معرکہ حق ، پاکستان کے خلاف غلط حساب کتاب کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے لیے ایک واضح انتباہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس آپریشن سے قوم کے غیر متزلزل اتحاد، نظم و ضبط والی مسلح افواج اور فیصلہ کن قیادت کا کردار کھل کر سامنے آیا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے پاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی جرات، چوکسی اور دشمنانہ کارروائیوں کے فوری جواب کی تعریف کی۔ انہوں نے خاص طور پر گزشتہ سال بھارت کی کارروائیوں سے نمٹنے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور تیاری نے نہ صرف دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنایا بلکہ پاکستان کی قومی سلامتی اور ڈیٹرنس کی صلاحیتوں کو بھی تقویت دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ردعمل، قوم کی حفاظت اور علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پاک فوج کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ملک کی مشترکہ فوجی اور سفارتی طاقت نے عالمی سطح پر پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط کیا ہے۔ اپنی گفتگو کے اختتام پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ اب بھارت ، پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کے بارے میں سوچنے کی جرات نہیں کرے گا کیونکہ وہ قوم کی صلاحیت، اتحاد اور اپنی قیادت اور مسلح افواج کے مضبوط موقف سے پوری طرح آگاہ ہے۔