دونوں حکومتوں اور جموں وکشمیرجوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کےدرمیان مذاکرات میں بریک تھروہونےکا قوی امکان ہے، شوکت جاوید میر

اتوار 31 مئی 2026 17:32

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2026ء) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کے ترجمان شوکت جاوید میر نے کہا ہے کہ دونوں حکومتوں اور جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات میں بریک تھرو ہونے کا قوی امکان ہے ، فیصل ممتاز راٹھور کی حتی المقدور کوشش ہے کہ نو جون سے قبل تمام فریقوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کو پیش نظر رکھتے ہوئے قابل قبول فارمولے پر عمل درآمد کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ہوٹل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری ،وزیراعظم محمد شہباز شریف ،چیف آف ڈیفنس فورسز حافظ سید عاصم منیر ،قومی سلامتی کے اداروں اور عوامی ایکشن کمیٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنھوں نے ڈیڈ لاک کے بجائے مکالمہ شروع کرنے کو ترجیح دی اوریہی ابھی تک کے سیاسی آئینی جمہوری رویے کو تقویت دینے کا محفوظ راستہ ہے۔

(جاری ہے)

شوکت جاوید میر نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئین وقانون کی بانی اور بحالی جمہوریت کی وارث ہے ،وہ انسانی رشتوں ،سماجی انصاف اور عوامی حقوق کو مقدم سمجھتی ہے، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے ہوتے ہوئے مذاکرات میں ناکامی تو درکنار تعطل بھی نہیں آ سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق ،نظریاتی جدوجہد، ملکی تشخص ،قومی وقار اور اداروں کے استحکام سے متعلق پیپلز پارٹی کی پالیسیاں اظہر من الشمس ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، دختر مشرق بینظیر بھٹو شہید ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سیاسی امور کی چیئرپرسن فریال تالپور، پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری ریاض کی حکمت و دانش کے مطابق قائم مقام صدر اے جے کے چوہدری لطیف اکبر، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور ،پارٹی صدر چوہدری محمد یاسین، سابق وزرائے اعظم چوہدری عبد المجید، سردار تنویر الیاس خان ،سردار محمد یعقوب خان ،چوہدری پرویز اشرف سمیت پارٹی عام انتخابات میں لینڈ سلائیڈنگ وکٹری حاصل کرنے کی جانب محو سفر ہے۔\932