منتخب نمائندے عوام کو اپنی پانچ سالہ کارکردگی کا حساب دینے کے پابند ہیں‘سپیکر پنجاب اسمبلی

ملک محمد احمد خاں کا وہاڑی میں سیمینار سے خطاب، آئینی بالادستی، عوامی جوابدہی اور بنیادی حقوق کے فروغ پر زور

بدھ 1 جولائی 2026 21:08

لاہور/وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2026ء) جشنِ ضلع وہاڑی گولڈن جوبلی تقریبات 2026 کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی کے زیر اہتمام ’’وہاڑی کی تشکیل، تاریخ، قانون اور عوامی شعور‘‘کے عنوان سے ایک اہم سیمینار منعقد ہوا، جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔

تقریب میں صوبائی وزیر قانون رانا اقبال خان، ارکان پنجاب اسمبلی ثاقب خورشید، امجد علی جاوید، ملک نوشیر لنگڑیال، سابق رکن پنجاب اسمبلی عرفان دولتانہ، وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی، وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل خواجہ قیصر بٹ، صدر ڈسٹرکٹ بار راؤ شیراز احمد، سابق وفاقی وزیر اعتزاز احسن، کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان، ڈپٹی کمشنر وہاڑی، وکلاء برادری، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی کو قیام کے پچاس سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آئینی نظام کی مضبوطی، قانون کی حکمرانی اور عوامی شعور کے فروغ میں وکلاء برادری کا کردار ہمیشہ بنیادی اہمیت کا حامل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ مکمل حق حاصل ہے کہ وہ اپنے منتخب نمائندوں سے پانچ سالہ کارکردگی کا حساب طلب کریں کیونکہ آئین پاکستان منتخب عوامی نمائندوں کو عوام کے سامنے جوابدہ بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کا بنیادی تصور یہی ہے کہ ریاستی اختیارات عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال ہوں اور یہی جمہوری نظام کی اصل روح ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ ترقی صرف سڑکوں، عمارتوں، ہسپتالوں اور سکولوں کی تعمیر کا نام نہیں بلکہ شہریوں کو ان کے بنیادی، آئینی، سیاسی اور سماجی حقوق کی فراہمی بھی حقیقی ترقی کا لازمی حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو باوقار زندگی، صاف ماحول، معیاری صحت، انصاف اور بہتر طرزِ زندگی کی فراہمی ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے اور تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے عوام کی خدمت کے لیے کام کرنا چاہیے۔ ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پنجاب کے دیہات جو کبھی خوبصورتی اور خوشحالی کی علامت تھے، وقت گزرنے کے ساتھ صفائی، نکاسی آب اور بنیادی شہری سہولیات کے مسائل کا شکار ہوئے، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت میں شروع کیے گئے ''ستھرا پنجاب'' پروگرام نے دیہی اور شہری علاقوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں صفائی، صاف پانی، سیوریج اور بنیادی شہری سہولیات کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور خوشی کی بات ہے کہ ضلع وہاڑی میں بھی یہ ترقیاتی منصوبے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، اداروں کا باہمی احترام، عوامی جوابدہی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہی پاکستان کے روشن، مضبوط اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے۔ تقریب کے اختتام پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وکلاء برادری آئین، جمہوریت، انصاف اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا مؤثر کردار آئندہ بھی جاری رکھے گی۔