مہاجرین نشستوں پرکامیابی، عوام نے مسلم لیگ (ن) پراعتماد کیا : مریم اورنگزیب

پیر 3 اگست 2026 20:05

مہاجرین نشستوں پرکامیابی، عوام نے مسلم لیگ (ن) پراعتماد کیا : مریم اورنگزیب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2026ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے آزاد جموں و کشمیر کی مہاجرین کی نشستوں پر میرپور ڈویژن کے بعد مظفرآباد ڈویژن میں پارٹی کی کامیابی پر ووٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکردگی پر عوامی اعتماد کا اظہار قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ الحمدللہ، میرپور کے بعد مظفرآباد ڈویژن کے عوام نے ووٹ کی طاقت سے قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کے بیانیے اور پارٹی کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے کسی دباؤ، دھمکی یا مبینہ فراڈ کو خاطر میں لائے بغیر آزادانہ رائے کا اظہار کیا، جو جمہوری عمل پر ان کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب کے مطابق پنجاب میں آزاد جموں و کشمیر کی مہاجرین کی دس نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی کامیابی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کارکردگی، عوامی خدمت اور انتھک محنت کا اعتراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مقیم کشمیریوں نے اپنے ووٹ سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف ، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پر اعتماد کرنے پر کشمیری مہاجرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بننے کے بعد آزاد جموں و کشمیر میں بھی پاکستان اور پنجاب کی طرز پر ترقی اور عوامی خدمت کے نئے دور کا آغاز کیا جائے گا۔مریم اورنگزیب نے امید ظاہر کی کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پونچھ ڈویژن میں بھی مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی، جبکہ پارٹی انتخابی مہم کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔