ْسسٹم بیٹھ گیا، نئے نظام کی ضرورت ہے، حل عمران خان کے پاس اور وہ جیل میں ہیں‘ فواد چوہدری

موجود نظام میں لوکل گورنمنٹ بننا مشکل ہے، (ن)لیگ اور پیپلز پارٹی تو ہونے نہیں دیں گے‘ سابق وفاقی وزیر

منگل 4 اگست 2026 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2026ء) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ محسن نقوی کے بیان سے متفق ہوں کہ سسٹم بیٹھ گیا ہے اور نئے نظام کی ضرورت ہے، نئے صوبے بنائیں، لوکل گورنمنٹ سسٹم لائیں اور ڈویژنز کو صوبہ بنا دیا جائے، ان تینوں باتوں کا سب سے بہترین حل عمران خان کے پاس ہے اور وہ جیل میں ہیں۔’’گورننس لیکن نظام کیا ‘‘کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پاکستان میں 47 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، 40 فیصد بچوں کی غذائی ضرورت پوری نہیں ہو رہی، نئے صوبوں کے قیام پر محسن نقوی سے کسی سطح پر اختلاف ہو سکتا ہے ، پنجاب 172، سندھ 154، خیبر پختونخواہ 160 ممالک سے بڑا اور سندھ کم آبادی والے 60 ممالک میں آتا ہے، نمبر ون نئے صوبے بنائیں، نمبر 2 لوکل گورنمنٹ سسٹم لائیں اور تیسری بات کہ ڈویژنز کو صوبہ بنا دیا جائے، ان تینوں باتوں کا سب سے بہترین حل عمران خان کے پاس ہے اور وہ جیل میں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں سیاسی جماعتیں نہیں، محض شخصیات ہیں، پارٹیز پاکستان میں جمہوریت لانا چاہتی ہیں مگر ان کے اندر آمریت ہے، پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ کے ہوتے ہوئے کوئی اصلاحات ہو ہی نہیں سکتیں، سیاسی جماعتیں جمہوری نہیں ہیں، عمران خان لوکل گورنمنٹ کے حامی تھے مگر ہونے نہیں دئیے گئے۔فواد چوہدری نے کہا کہ صوبوں کے علاہ آپشنز بہت کم ہیں ،موجود نظام میں لوکل گورنمنٹ بننا مشکل ہے، (ن)لیگ اور پیپلز پارٹی تو ہونے نہیں دیں گے، دیکھنا ہو گا کیا اسٹیبلشمنٹ ڈنڈے سے کرتی ہی 26 ویں 27 ویں ترامیم کو کوئی آئین کا حصہ نہیں مانتا۔