روسی صدر پیوٹن کی صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو یومِ آزادی کی مبارکباد

روسی صدر کا پاکستان کے عوام کے لیے امن، خوشحالی اور نیک خواہشات کا اظہار، پاک روس شراکت داری آگے بڑھانے کا عزم

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 14 اگست 2026 17:01

روسی صدر پیوٹن کی صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو یومِ آزادی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست 2026ء)   روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کو تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔ روسی صدر نے اپنے پیغام میں صدر پاکستان اور وزیراعظم سے کہا کہ وہ روسی عوام اور اپنی جانب سے پاکستان کے قومی دن پر دلی مبارکباد قبول کریں۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کے لیے امن، خوشحالی اور ترقی کی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ روس اور پاکستان کے تعلقات کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ ماسکو اور اسلام آباد کے درمیان سیاسی، تجارتی، اقتصادی، انسانی اور دیگر شعبوں میں مفید اور نتیجہ خیز تعاون جاری ہے۔ روسی صدر کے مطابق دونوں ممالک اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی مل کر کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ روس اور پاکستان اپنے دوستانہ عوام کے مفاد اور عالمی سلامتی و استحکام کے فروغ کے لیے دوطرفہ شراکت داری کے تمام شعبوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعمیری مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

پیوٹن نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے لیے اچھی صحت اور ہر میدان میں کامیابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ امن اور خوشحالی سے ہمکنار رہیں۔