سہیل آفریدی نے لانگ مارچ 4اکتوبر تک موخر کرنے کا اعلان کردیا

دوسرے صوبوں سے آنے والے افسر خیبر پختونخوا کے سرکاری اہلکاروں سے الجھ رہے ہیں، لانگ مارچ کی تاریخ آگے بڑھانا ہمارا سیاسی حربہ ہے . وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا پریس کانفرنس سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 25 ستمبر 2026 22:21

سہیل آفریدی نے لانگ مارچ 4اکتوبر تک موخر کرنے کا اعلان کردیا
اسلام آباد(اردوپوا ئنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 ستمبر ۔2026 ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے لانگ مارچ موخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا لانگ مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے روانہ ہوگا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ چاہے راستے میں کتنی ہی رکاوٹیں کیوں نہ کھڑی کردی جائیں، لانگ مارچ ہر صورت ہوگا اور پرامن ہوگا.

انہوں نے الزام لگایا کہ دوسرے صوبوں سے آنے والے سرکاری اہلکار خیبر پختونخوا کے سرکاری اہلکاروں سے الجھ رہے ہیں جس سیکرٹریٹ سے صوبہ چلتا ہے اسے مبینہ جعلی تھریٹ کے نام پر بند کردیا گیا ہے .

(جاری ہے)

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتفاق ہوا ہے کہ لانگ مارچ کو 5 اکتوبر تک موخر کردیا جائے اجلاس کو بتایا گیا کہ پشاور ریجن کے قافلے 4 اکتوبر کو صوابی پہنچیں گے 5 اکتوبر کو صوابی سے قافلہ اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگا.

اجلاس میں بعض ارکان نے کہا کہ حالات حساس ہیں، اس لیے فی الحال لانگ مارچ موخر کردینا چاہیے ایسا کرنے سے وفاقی حکومت پر سیاسی دباﺅ بڑھے گا اجلاس میں کہا گیا کہ دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے جاری ہیں، ان کے احتجاج میں شامل ہونے سے احتجاج کا اثر بڑھ سکتا ہے فیصلہ ہوا کہ مارچ موخر کرنے کا باضابطہ اعلان محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا.

وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی سے رابطہ کیا ذرائع کا بتانا ہے کہ محمود اچکزئی نے لانگ مارچ کی کال برقرار رکھنے کا مشورہ دیا اسی دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپوزیشن رہنماوں محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس سے ملاقات کی ہے جس کے بعدپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے لانگ مارچ کی نئی تاریخ چار اکتوبر مقرر کر دی ہے.

سہیل آفریدی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے اور پر امن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے‘یہ لوگ چاہتے ہیں کہ ہمیں اشتعال دلایا جائے لیکن ہم ان کے اشتعال میں نہیں آئیں گے. انہوں نے کہا کہ اگر عدالتیں انصاف کے تقاضوں کے مطابق فیصلے کریں تو عمران خان آدھے گھنٹے میں رہا ہو سکتے ہیں وزیر اعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ پارٹی کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور سیاسی سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں سہیل آفریدی نے کہا کہ کارکنان لانگ مارچ کی نئی تاریخ پر مطمئن ہیں اور پارٹی قیادت کے فیصلے کی حمایت کر رہے ہیں.

انہو ں نے کہا کہ ہم نے ٹاس جیتا ہے لانگ مارچ اپنے مطالبات منوانے کے لیے کر رہے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ مذاکرات ہوں، لیکن اس وقت جو لوگ نکلیں گے وہ ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیں گے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے مطالبات کی منظوری تک واپس نہیں جائے گی ہم اپنے مطالبات منوائے بغیر واپس نہیں جائیں گے لانگ مارچ کی تاریخ آگے بڑھانا ہمارا سیاسی حربہ ہے.