طارق محمود غوری کی ڈی آئی خان دھماکے کی شدید مذمت

ہفتہ 26 ستمبر 2026 23:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) انسانی حقوق سیل کے سیکرٹری اطلاعات طارق محمود غوری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں امان میلہ چیک پوسٹ پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ہفتہ کواپنے بیان میں انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں مشترکہ انسداد اسمگلنگ چیک پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملے میں 12 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،شہداء میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز حکام، 2 خواتین اور 2 سالہ معصوم بچہ شامل ہیں جبکہ 35 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

طارق محمود غوری نے شہیدپولیس اور کسٹمز اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی مسلسل لہر تشویشناک ہے۔ 19 ستمبر کو کوہاٹ پولیس لائنز مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملے میں 22 افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ 24 اور 25 ستمبر کو شمالی وزیرستان اور بنوں میں سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا۔

26 ستمبر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں امان میلہ چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں، معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا ایک سنگین جرم ہے جسے پوری قوم مسترد کرتی ہے۔طارق محمود غوری نے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت جلسوں، دھرنوں اور اسلام آباد کی جانب مارچ کی سیاست ترک کرکے عوام کے تحفظ اور سکیورٹی کو یقینی بنانے پر توجہ دے۔

خیبرپختونخوا میں روز بروز دہشت گردی کاناسور پھیل رہا ہے لیکن صوبائی حکومت اس معاملے پر کم ہی توجہ دیتی دکھائی دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی غفلت دہشت گردوں کو سہولت فراہم کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ قومی ترجیح ہے، ملک بھر میں امن و سلامتی کی بحالی تک دہشت گردی کے خلاف جنگ بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہنی چاہیے۔