سپریم کورٹ ایمرجنسی فیصلہ کیخلاف پرویز مشرف کی نظرثانی کی درخواست سماعت کیلئے منظور،عدالت نے سماعت کیلئے فل کورٹ قائم کرنے کا حکم دے دیا ‘ درخواست گزار کو درخواست کی زبان اور دیگر اعتراضات بھی درست کرنے کی ہدایت

جمعرات 9 جنوری 2014 07:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جنوری۔2014ء) سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے 31 جولائی 2009ء کے ایمرجنسی نفاذ کیخلاف فیصلے پر نظرثانی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فل کورٹ قائم کرنے کا حکم دے دیا‘ یہ حکم جسٹس انور ظہیر جمالی نے رجسٹرار کے اعتراضات کیخلاف دائر مشرف کی ان چیمبر اپیل کی سماعت کے بعد جاری کیا ہے‘ سابق صدر نے سپریم کورٹ میں 31 جولائی 2009 ء کے ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف فیصلے پر نظر ثانی کے بارے درخواست دائر کی تھی۔

(جاری ہے)

نظرثانی کی درخواست پرویز مشرف کے وکیل راجہ ابراہیم ستی نے دائر کی تھی جس پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراضات لگائے تھے اور بعد میں یہ اعتراضات دور کردیئے گئے اور آفس نے درخواست سماعت کے لئے منظور کی تھی جس کی بدھ کے روز سماعت ہوئی۔ ان چیمبر سماعت کے دوران درخواست گزار کو ہدایت کی گئی کہ درخواست کی زبان درست کرنے کے علاوہ اس میں موجود چھوٹے چھوٹے اعتراضات کو بھی درست کیا جائے ۔ جسٹس انور ظہیر جمالی نے رجسٹرار کو یہ بھی ہدایت کی کہ اس کو سماعت کیلئے فل کورٹ میں لگایا جائے۔