پنجاب یوتھ سپورٹس فیسٹول،پہلے مرحلے میں بلاکس اور یونین کونسل کی سطح پرہونے والے پنجہ آزمائی ، اتھلیٹکس ، بیڈ منٹن ، بلیرڈ، ٹیب بال کرکٹ ، رسہ کشی والی بال ، سنوکر، فٹبال ، فن ریس ، تن سازی ، باڈی بلڈنگ کے مقابلے اختتام پذیر ہو گئے،پنجاب بھر میں انٹر یو نین کونسل مقابلے کل سے شروع ہو ں گے

ہفتہ 18 جنوری 2014 03:17

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جنوری۔2014ء)پنجاب یوتھ سپورٹس فیسٹول 2014 ء کے سلسلے میں پہلے مرحلے میں بلاکس اور یونین کونسل کی سطح پرہونے والے پنجہ آزمائی ، اتھلیٹکس ، بیڈ منٹن ، بلیرڈ، ٹیب بال کرکٹ ، رسہ کشی والی بال ، سنوکر، فٹبال ، فن ریس ، تن سازی ، باڈی بلڈنگ کے مقابلے اختتام پذیر ہو گئے ۔پنجاب بھر میں انٹر یو نین کونسل مقابلے کل سے شروع ہو ں گے جو 26 جنور ی تک جار ی رہیں گے۔

پہلے مر حلے میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں میں تقسیم انعامات کی تقریب راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ پنجاب کے پارلیمانی سیکریٹری برائے امور نوجوان ، کھیل ، سیاحت و آثارقدیمہ چوہد ری سرفراز افضل اس موقع پر مہمان خصوصی تھے انہوں نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے کھلاڑیوں میں نقد ا نعامات اور ٹریک سوٹ تقسیم کئے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے چوہدری سرفر از افضل نے کہا کہ سپورٹس فیسٹول کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں خود اعتمادی پیدا کرنا اور انہیں صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے تاکہ وہ کھیلوں اور دیگر دلچسپ مشاغل میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لے سکیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شر یف نے پنجاب میں نوجوانوں کو متحرک اور فعال کرنے کے لئے ایسے اقدامات اٹھائے ہیں جن سے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کی سربراہی میں پنجاب کے ہر حصے میں کھیلوں اور عوامی دلچسپی کے مقابلے زور و شور کے ساتھ جاری ہیں اور کھلاڑی ان میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر (سٹی)قراتہ العین ملک نے اعلی کارکر دگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے انہیں انتظامیہ کی طرف سے کھیلوں کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر راو لپنڈی بابر وحید نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق صوبے میں سپورٹس اور صحت مند سرگرمیوں کے لئے ہر سطح پر کھیلوں کو فروغ دیا جا رہا ہے اور کھیلاڑیوں کی سرپرستی کرے تقریب میں ٹی ایم او پوٹھوار ٹاون زاہد سہیل، ایڈمنسٹریٹر یونین کونسلز پوٹھوار ٹاون محمد علی ملک کے علاوہ سیکریٹریز یونین کونسلزسپورٹس آفیشلز اور کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

بعدازاں کامیاب ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ چوہدری سرفراز افضل نے نقد انعامات اور ٹریک سوٹ تقسیم کئے۔