پشاورمیں آج سے شر وع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا اعلان،5 سال سے کم عمر کے 8 لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، انسداد پولیو رضاکاروں کے سیکیورٹی انتظامات مکمل

اتوار 2 فروری 2014 08:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2فروری۔2014ء) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی دارالحکومت میں آ ج(اتوار) سے شر وع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا اعلان کیاہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور اور اس سے ملحقہ علاقوں میں آج (اتوار)سے انسداد پولیو مہم شروع کی جارہی ہے جس کے تحت 5 سال سے کم عمر کے 8 لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، ملک کے دیگر علاقوں میں انسداد پولیو رضاکاروں پر حملوں کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور آج شہر بھر میں صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے پشاور کو دنیا بھر میں پولیو کے پھیلاوٴ کی آماج گاہ قرار دیا ہے جس کے پیش نظر تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے ایک منصوبہ شروع کیا جس کے تحت 5 برس سے کم عمر بچوں کو پولیو سمیت 5 دیگر بیماریوں سے بچاوٴ کے لئے خصوصی مہم شروع کی جانی تھی جس کا آغاز گزشتہ ہفتے عمران خان نے کیا تاہم بعد میں اسے منسوخ کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :