سلیم الجبوری عراقی پارلیمان کے نئے سپیکر منتخب ،سپیکر کے انتخاب کے وقت ایوان میں273 میں سے 194 ارکان نے جبوری کے حق میں ووٹ دیا

بدھ 16 جولائی 2014 07:54

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جولائی۔2014ء) عراق کی پارلیمان نے سنی اسلامی جماعت سے تعلق رکھنے والے اعتدال پسند سیاست دان سلیم الجبوری کو اپنا نیا سپیکر منتخب کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تینتالیس سالہ سلیم الجبوری واضح اکثریت سے سپیکر منتخب ہوئے ہیں۔منگل کو سپیکر کے انتخاب کے وقت ایوان میں موجود دو سوتہتر ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

ان میں ایک سو چورانوے نے جبوری کے حق میں ووٹ ڈالا۔

(جاری ہے)

ان کے مدمقابل سیکولر لسٹ پر کامیاب ہونے والے رکن پارلیمان کو صرف انیس ووٹ ملے جبکہ باقی ووٹ کالعدم قراردے دیے گئے ہیں۔سلیم الجبوری اسلامی جماعت کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ہیں۔وہ میسوپوٹیمیا یونیورسٹی میں قانون کے پروفیسر رہے ہیں اور وہ عراق کا نیا دستور تیار کرنے والی کمیٹی کے بھی رکن تھے۔وہ عراقی پارلیمان کی انسانی حقوق کمیٹی کے بھی رکن رہ چکے ہیں۔عراقی پارلیمان کے نئے سپیکر کا انتخاب عام انتخابات کے ڈھائی ماہ کے بعد کیا گیا ہے۔سپیکر کا عہدہ عراق کے اہل سنت کے لیے مختص ہے۔وزیراعظم کا انتخاب اہل تشیع میں سے کیا جاتا ہے جبکہ صدر کرد ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :