اسلام آباد ہائیکورٹ میں تحفظ پاکستان بل کیخلاف دائر درخواست سماعت کیلئے منظور،جمشید دستی کی درخواست پر وفاق سے پیرا وائز کمنٹس طلب،داخلہ و قانون کی وزارتوں کو نوٹس جاری،سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی

بدھ 16 جولائی 2014 07:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جولائی۔2014ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحفظ پاکستان بل (پی پی بی)کیخلاف دائر درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے وفاق سے پیرا وائز کمنٹس طلب کرلئے ہیں اور داخلہ و قانون کی وزارتوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔ منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے جمشید دستی کی طرف سے تحفظ پاکستان بل کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی ۔

جسٹس نورالحق این قریشی پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل سعید خورشید احمد عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل آف پاکستان طارق محمود کھوکھر سٹینڈنگ کونسل ثناء اللہ زاہد عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں اپنے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے تحفظ پاکستان بل بنایا ہے اور پارلیمنٹ سے منظور بھی ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

اس بل کے تحت عام انسانوں کے بنیادی حقوق اور چادر اور چار دیواری کے حقوق بھی پامال ہوجائیں گے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تحفظ پاکستان بل کیخلاف یہ پہلی پٹیشن ہے جو اسلام آباد ہائیکورٹ میں آزاد رکن اسمبلی جمشید دستی نے دائر کی ہے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تحفظ پاکستان بل کے تحت گریڈ 15 کے پولیس آفیسر کو اختیارات دئیے گئے ہیں کہ وہ کسی بھی شخص پر گولی چلا سکتا ہے جس سے پورے ملک میں خونریزی پھیل جائے گی۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ اس بل کی منظوری کیخلافپہلی پٹیشن ہے اور اس بل کو چیلنج کیا گیا ہے ۔ جسٹس نورالحق این قریشی نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا اس بل کیخلاف سپریم کورٹ میں بھی کوئی درخواست دائر ہوئی ہے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی طرف سے یہ پہلی درخواست ہے جو اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ہے۔

وفاق کے وکیل نے عدالت سے استدعاء کی کہ عدالت کی جانب سے وفاق کو زیادہ وقت دیا جائے تاکہ وہ اپنا جواب داخل کرواسکے۔ جسٹس نورالحق این قریشی نے وفاق کے وکیل سے کہا کہ اگر وفاق کو اس درخواست پر اعتراض ہو تو وہ تحریری طور پر اپنے اعتراضات عدالت میں جمع کروائیں۔ عدالت نے پیراوائز کمنٹس طلب کرتے ہوئے وفاق کو بذریعہ وزارت داخلہ اور وزارت قانون کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی کردی