افواج پاکستان اور کشمیریوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا، وزیراعظم نواز شریف ، ملک کو دہشتگردی سے پاک، محفوظ ملک بنانے کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ، مذہب کے نام پر دہشتگردی، انتہا پسندی کی کارروائیوں کی کسی کواجازت نہیں دینگے، سب سے پہلے پاکستان کا تحفظ ، عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا ، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید سے ملاقات میں اظہار خیال

بدھ 16 جولائی 2014 07:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جولائی۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر اور عوام کی جانب سے آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، افواج پاکستان اور کشمیریوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا ۔ ملک کو دہشتگردی سے پاک اور محفوظ ملک بنانے کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ، مذہب کے نام پر دہشتگردی اور انتہا پسندی کی کارروائیوں کی کسی کواجازت نہیں دینگے سب سے پہلے پاکستان کا تحفظ اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا، وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے اس موقع پر آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے دو کروڑ روپے کا چیک وزیراعظم نواز شریف کو پیش کیا ، اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر و شمالی علاقہ جات برجیس طاہر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ جس طرح تمام صوبوں نے ہمیں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مکمل اختیار دیا ہے آج پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ اٹھ کھڑی ہو شمالی وزیرستان سے ہجرت کرنے والے مہاجرین کی بحالی و آباد کاری ہماری اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل صورتحال سے دو چار ہے تمام صوبائی حکومتوں کو وفاق کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا پڑے گا ۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کشمیری پاکستان کے سیکنڈ ڈیفنس لائن ہیں جس طرح 2005ء کے زلزلے میں کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کی عوام نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر نئی تاریخ رقم کی تھی آج اسی صورتحال کا سامنا شمالی وزیرستان کے مہاجرین کی آباد کاری کے حوالے سے حکومت پاکستان کو ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی آباد کاری کیلئے وفاقی حکومت کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے جو نوجوان شمالی وزیرستان میں شہید ہورہے ہیں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر نے آزاد کشمیر کی صورتحال سمیت اہم امور سے متعلق نواز شریف کو آگاہ کیا ۔