نواز شریف میرے وزیراعظم ہیں جس نے بادشاہ کہا جواب بھی ان ہی سے لیا جائے،سید قائم علی شاہ،کراچی میں قیام امن کیلئے تمام اختیارات رینجرز اور پولیس کو دے دئیے ہیں بڑے افسر تو دور کی بات ہے میں نے مداخلت کرکے کانسٹیبل یا پٹواری بھی تبدیل نہیں کرایا ، آئی ڈی پیز کی سندھ آمد پر چیکنگ کا مقصد شہر میں آئی ڈی پیز کی شکل میں دہشتگردوں کی آمد کو روکنا تھا لیکن ا س بارے میں میرے متعلق منفی پروپیگنڈہ کیا گیا ،وزیر اعلیٰ سندھ

بدھ 16 جولائی 2014 08:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جولائی۔2014ء)وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف میرے وزیراعظم ہیں جس نے انہیں بادشاہ کہا ہے اس کا جواب بھی ان ہی سے لیا جائے۔کر اچی میں قیام امن کیلئے تمام اختیارات رینجرز اور پولیس کو دیدئیے ہیں بڑے افسر تو دور کی بات ہے میں نے مداخلت کرکے کانسٹیبل یا پٹواری بھی تبدیل نہیں کرایا ، آئی ڈی پیز کی سندھ آمد پر چیکنگ کا مقصد کر اچی شہر میں مزید کسی آئی ڈی پیز کی شکل میں دہشتگردوں کی آمد کو روکنا تھا لیکن ا س بارے میں میرے متعلق منفی پروپیگنڈہ کیا گیا ۔

وہ منگل کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزآف کامرس اینڈانڈسٹری کراچی کے دورے کہ دوران تاجروں سے خطاب اور صحافیو ں سے بات چیت کر رہے تھے ۔ ایف پی سی سی آئی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں دہشگردوں کے پاس پولیس سے زیادہ جدید اسلحہ ہے، وفاقی اور صو بائی حکومتیں کر اچی میں امن قائم کرنے میں سنجیدہ ہیں لیکن کچھ لوگ مجھ سے ذاتی طور پر رنجش رکھتے ہیں ، ان لوگوں کو شاید یہ نہیں پتا کہ کر اچی آپریشن میں تیسری فورس بھی آن بورڈ ہیں جس میں میجر جنرل اور برگیڈیئرسطح کے لوگ بھی شامل ہیں بلکہ یہ کہنا غلط نہیں ہو گا کہ کراچی میں امن قائم کرنے کے لئے دو نہیں بلکہ تین ادارے کام کر رہے ہیں جن میں پولیس، رینجرز اور آرمی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کر اچی میں قیام امن کیلئے تمام اختیارات رینجرز اور پولیس کو دیدئیے ہیں بڑے افسر تو دور کی بات ہے میں نے مداخلت کرکے کانسٹیبل یا پٹواری بھی تبدیل نہیں کرایا ۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن شروع ہوتے ہی تبادلوں کے تمام اختیارات ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ کے حوالے کردئیے ہیں ۔قائم علی شاہ نے کہاکہ شمالی وزیر ستان میں آپریشن ضرب عضب شروع ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں سے آنے والوں کی سخت مانیٹرنگ کے بعد سندھ میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی سندھ آمد پر چیکنگ کا کہا گیا تو میرے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا گیا حالانکہ اس اقدام کا مقصد کر اچی شہر میں مزید کسی آئی ڈی پیز کی شکل میں دہشتگردوں کی آمد کو روکنا ہے ۔ ۔آصف زرداری کی جانب سے نواز شریف کو بادشاہ قرار دینے کے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف ان کے وزیراعظم ہیں جس نے انہیں بادشاہ کہا اس کا جواب بھی اسی سے لیا جائے۔ کراچی میں قیام امن کے لئے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی سوچ ایک ہے اور ہم پاک افواج کو دہشتگردوں کے خلاف لڑنے پر انہیں سلام کرتے ہیں ۔