بٹگرام سے بشام جانے والی وین کوٹ گلہ میں گہری کھائی میں گر گئی ، 18 افراد جاں بحق‘ 2 زخمی

بدھ 16 جولائی 2014 07:50

بٹگرام(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جولائی۔2014ء) بٹگرام سے بشام جانے والی وین کوٹ گلہ میں گہری کھائی میں گرنے سے 18 افراد جاں بحق‘ 2 زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو ایک مسافر وین بٹگرام سے بشام جارہی تھی کہ گلہ موڑ ہٹورہ کے مقام پر ڈرائیور سے بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری جس کے باعث وین میں سوار 18 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔

حادثے کے بعد امدادی ٹیموں اور مقامی افراد نے مل کر لاشوں کو کھائی سے نکال کر بٹگرام ہسپتال جبکہ متعدد کو آبائی علاقوں میں روانہ کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق مسافر وین تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ایس ایچ او غلام محمد نے 18 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاشوں کو بٹگرام ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں سے پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہسپتال میں لائی جانے والی لاشوں کی ابھی تک شناخت مکمل نہیں ہوسکی۔ ادھر مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار افراد کی تعداد زیادہ تھی اور کچھ افراد اب بھی گاڑی میں پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے اور جاں بحق اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :