نواز شریف اپنے ادارے مضبوط کریں اسٹیبلشمنٹ کو کمزور نہیں کرسکتے ، یوسف رضاگیلانی،جب ہم اقتدار میں تھے تو ایک طرف کیانی اور پاشا تھے دوسری جانب نواز شریف کالا کوٹ پہن کر سپریم کورٹ چلے گئے ،تین روز میں حقانی سے استعفیٰ لیکر میمو گیٹ کا مسئلہ حل کردیا ،آصف زرداری کے چار حلقوں بارے بیان پر پارٹی ان کے ساتھ ہے ،بیٹے کے اغواء کے حوالے سے اغواء کاروں سے ڈائریکٹ یا ان ڈائریکٹ کوئی رابطہ نہیں ، افطا رپارٹی میں صحافیوں سے گفتگو

بدھ 16 جولائی 2014 07:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جولائی۔2014ء)سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ نوا ز شریف اپنے ادارے مضبوط کریں اسٹیبلشمنٹ کو کمزور نہیں کرسکتے ،جب ہم ا قتدار میں تھے تو ایک طرف کیانی اور پاشا تھے دوسری طرف نواز شریف کالا کوٹ پہن کر سپریم کورٹ چلے گئے ، تین روز میں حقانی سے استعفیٰ لیکر میمو گیٹ کا مسئلہ حل کردیا ،آصف علی زرداری کے چار حلقوں کے کھولنے بارے بیان پر پارٹی ان کے ساتھ ہے ،جو لوگ ہمارے دور میں مسائل پیدا کررہے تھے آج وہ خود مسائل کا شکار ہیں ،بیٹے کے اغواء کے حوالے سے ڈائریکٹ یا ان ڈائریکٹر اغواء کاروں سے کوئی رابطہ نہیں ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق رکن اسمبلی ندیم افضل گوندل کی جانب سے دیئے گئے افطار پارٹی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

منگل کے روز سابق رکن قومی اسمبلی ندیم افضل گوندل کی جانب سے دیئے گئے افطار میں چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری ، سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی ، میاں رضاربانی سمیت سابق ڈپٹی فیصل کریم کنڈی سمیت اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی ۔

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ میاں نواز شریف اپنے ادارے کو مضبوط کریں اسٹیبلشمنٹ کو کمزور نہیں کرسکتے ۔

ملک کسی قسم کے تصادم کامتحمل نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو چاہیے کہ پارلیمنٹ کو مضبوط کریں جب ہم اقتدار میں تھے تو ہمیں اسٹیبلشمنٹ نے چلنے نہیں دیا ایک طرف کیانی اور پاشا تھے اور دوسری طرف نواز شریف کالا کوٹ پہن کر سپریم کورٹ چلے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں افتخار چوہدری بھی اور پرویز مشرف بھی افتخار چوہدری منتخب وزیراعظم کو اقتدار سے نہیں نکال سکتے تھے مگر انہوں نے نکالا ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے فیصل آباد میں جلسہ کیا اور دس دنوں میں میمو گیٹ کے مسئلے کو حل کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہم نے تین روز میں حقانی سے استعفیٰ لیکر مسئلہ حل کردیا مگر نواز شریف پھر بھی عدالت پہنچ گئے ۔ یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری کے چار حلقوں کے کھولنے کا جو بیان دیا ہے پارٹی ان کے ساتھ ہے جو لوگ ہمارے دور میں مسائل پیدا کررہے ہیں آج وہ خود مسائل کاشکار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عدالت جاتے وقت نواز شریف نے کبھی نہیں سوچا کہ وہ نظام کو کمزور کررہے ہیں اس وقت نوازشریف کو چاہیے کہ وہ پارلیمنٹ کو مضبوط کرے پارلیمنٹ بہت کمزور اور باقی ادارے بہت طاقتور ہیں ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے اغواء کے حوالے سے ڈائریکٹ یا ان ڈائریکٹ اغواء کاروں سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ۔