حکومت کا مینڈیٹ جعلی ہے۔14 اگست کو لاگ مارچ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،شیخ رشید احمد ، لانگ مارچ ہر صورت میں ہوگا جسے کوئی نہیں روک سکتا،فوج کسی صورت تحریک انصاف کے کارکنوں پر گولی نہیں چلائے گی ،صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 7 اگست 2014 06:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اگست۔2014ء)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کا مینڈیٹ جعلی ہے۔14 اگست کو لاگ مارچ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ لانگ مارچ ہر صورت میں ہوگا جسے کوئی نہیں روک سکتا۔فوج کسی صورت تحریک انصاف کے کارکنوں پر گولی نہیں چلائے گی ۔

(جاری ہے)

بدھ کے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف گزشتہ ایک برس سے انتخابی دھاندلیوں کے خلاف سڑکوں پر ہے لیکن حکومت نے تحریک انصاف کو سنجیدگی سے نہیں لیا جس کے بعد تحریک انصاف مجبوراً لانگ مارچ پر مجبور ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ جعلی مینڈیٹ کی حامل حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا اور لانگ مارچ کی وجہ سے ہی مڈٹرم الیکشن ہوں گے ۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ روایتی جمہوری انداز میں پرامن طریقہ سے ہوگا جس میں عوامی تحریک کے کارکن بھی شرکت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ14 اگست کو قوم مینڈیٹ چور حکمرانوں سے آزادی حاصل کریں گے اور لانگ مارچ میں فوج تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کوئی پرتشدد کارروائی نہیں کرے گی ۔